1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فٹبال عالمی کپ قطر میں لیکن ٹیموں کا قیام پڑوسی ممالک میں؟

13 نومبر 2018

قطر میں کھیلے جانے والے آئندہ فٹبال عالمی کپ 2022ء کے دوران مہمان ٹیموں کی رہائش کا انتظام پڑوسی ممالک میں کیے جانے پر غور کیا جا رہا ہے۔ ان ٹیموں کی رہائش کن ممالک میں ہو سکتی ہے؟

https://p.dw.com/p/389Uv
Fußballweltmeisterschaft 2022 in Katar
تصویر: Reuters/I. Al Omari

فٹبال عالمی کپ 2022ء کی میزبانی کے فرائض خلیجی ملک قطر ادا کرے گا۔ اس عالمی ٹورنامنٹ کی تیاریوں کے سلسے میں ایران کے جانب سے قطر کو مہمان ٹیموں کی رہائش کی پیشکش کی گئی ہے۔ عالمی کپ قطر کے چیف آرگنائزر حسن التھوادی نے اس پیشکش پر اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ فٹبال کے اس عالمی مقابلے کے دوران قطر کو  متعدد  ممالک کی جانب سے ٹیموں کی رہائش اور میزبانی سے متعلق پیشکش  موصول ہوئی ہیں۔ ان کا کہنا تھا، ’’یہ انتظامی مرحلے کا حصہ ہے لیکن اس بارے میں حتمی فیصلہ FIFA کے ساتھ مل کر کیا جائے گا۔‘‘

ٹرمپ کی پابندیاں، کیا ایران کو تکلیف پہنچا سکیں گی؟

حسن التھوادی کے مطابق ’’ابھی تک ایران کی پیشکش پر کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا اور یہ معاملہ زیر بحث ہے۔‘‘ واضح رہے امریکا کی جانب سے ایران پر اقتصادی پابندیوں کے ذریعے دباؤ بڑھا کر تہران حکومت کو بین الاقوامی سطح پر تنہا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ لہٰذا قطر کی جانب سے ایران کی اس پیشکش کو قبول کرنے سے خلیجی خطے میں ایک نیا تنازعہ بھی کھڑا ہو سکتا ہے۔

Katar Baustelle & Arbeiter für Fußball WM 2022
تصویر: Getty Images/Bongarts/L. Baron

دوسری جانب سن 2017  سے سعودی عرب، بحرین، متحدہ عرب امارات اور مصر نے قطر پر پابندیاں عائد کر رکھی ہیں۔ قطر کے ماضی کے اِن قریبی اتحادی ممالک نے  اس پر ایران کے ساتھ قریبی تعلقات رکھنے اور انتہاپسندوں کی حمایت کرنے کا الزام لگایا تھا۔ قطر نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس کے یہ پڑوسی ممالک حکومت کا تختہ الٹنا چاہتے ہیں۔

سعودی، مصری، بحيرنی اور اماراتی اشياء کی قطر ميں فروخت ممنوع

خبر رساں ادارے اے ایف پی سے گفتگو میں التھوادی نے اس امید کا بھی اظہار بھی کیا کہ 21 نومبر 2022ء سے شروع ہونے والے فٹبال کے عالمی کپ کے دوران  پڑوسی ممالک اپنے شہریوں پر قطر کی سفری پابندی ختم کر دیں گے۔

آئندہ ورلڈ کپ میں کل ٹیموں کی تعداد کو 32 سے بڑھا کر 48 کرنے کے معاملے پر التھوادی کا کہنا تھا کہ مزید 16 ٹیموں کا اضافہ میزبانی کی تیاریوں میں مشکلات پیدا کرےگا۔ امکان یہ ہےکہ فیفا ورلڈ کپ 2022ء میں 32 ٹیمیں ہی شرکت کریں گی۔

ع آ / ا ا (اے ایف پی)