1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

قندھار: امریکی فوجی کو حراست میں لے لیا گیا ہے، نیٹو

11 مارچ 2012

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق افغانستان کے جنوبی صوبے قندھار کے مقامی افراد نے بتایا ہے کہ اتوار کے روز ایک امریکی فوجی نے گھروں پر فائرنگ کر کے پندرہ افراد کو ہلاک کر دیا ہے۔

https://p.dw.com/p/14Iyy
تصویر: picture-alliance/Photoshot

آزاد ذرائع سے ہلاک اور زخمی ہونے والوں کی درست تعداد کا تعین نہیں کیا جا سکا ہے تاہم اس واقعے میں کم از کم پندرہ شہریوں کے ہلاک ہونے کی خبریں موصول ہو رہی ہیں۔

افغانستان میں نیٹو کے آئی سیف مشن نے کہا ہے کہ ’قندھار صوبے میں افغان ہلاکتوں کے حوالے سے فوجی کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔‘

آئی سیف نے واقعے پر شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی ظاہر کی ہے۔

Afghanistan Anschlag auf Bundeswehr Verletzter Kabul Armee Februar 2011
افغانستان میں شدت پسندی کے خلاف کارروائی میں بہت سے امریکی اور جرمن فوجیوں کو جان سے ہاتھ دھونے پڑے ہیںتصویر: AP

نجیبین دیہات سے تعلق رکھنے والے ایک شخص حاجی صمد نے اے ایف پی کو بتایا، ’’میرے خاندان کے گیارہ افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ سب ہلاک ہو چکے ہیں۔‘‘

الوک زئی دیہات کے حاجی سعید جان کا کہنا تھا کہ اس کے گھر پر حملہ کیا گیا جس میں اس کے خاندان کے چار افراد ہلاک ہوئے۔

صوبائی گورنر کے ترجمان احمد جاوید فیصل کا کہنا ہے کہ ہلاک اور زخمی ہونے والوں کی تعداد دس اور سولہ کے درمیان ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا، ’’صبح تین بجے کے قریب ایک امریکی سپاہی اپنے فوجی اڈے سے نکلا اور اس نے شہریوں پر فائرنگ کر دی۔ دس سے سولہ کے درمیان افراد ہلاک یا زخمی ہوئے ہیں۔‘‘

مغربی حکام نے ہلاکتوں کی تعداد کی تو نہیں مگر واقعے کی تصدیق کر دی ہے۔ اے ایف پی کے مطابق ایک مغربی عہدیدار نے نام مخفی رکھنے کی شرط پر بتایا: ’’ایک فوجی الصبح فوجی اڈے سے نکلا اور اس نے فائرنگ شروع کر دی۔ اس کے بعد وہ بیس پر واپس آیا۔ اس کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔‘‘

Proteste Koran Verbrennung Afghanistan
مبصرین کے مطابق اس طرح کے واقعات افغانستان میں طالبان عسکریت پسندوں اور دیگر دہشت گرد عناصر کے ہاتھ مضبوط کرنے کا سبب بن رہے ہیںتصویر: Reuters

آئی سیف کا کہنا ہے کہ وہ افغان حکام کے ساتھ مل کر اس واقعے کی تحقیقات کریں گے۔

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ نیٹو کی جانب سے مسلمانوں کی مقدس کتاب کو دانستہ یا غیر دانستہ نذر آتش کرنے کے بعد افغانستان میں پر تشدد مظاہرے ہوئے تھے، جن میں نیٹو کے فوجی بھی ہلاک ہوئے تھے۔ نیٹو نے اس واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے غیر دانستہ قرار دیا تھا۔ اس واقعے کے بعد مبصرین نے کہا تھا کہ نیٹو کو افغانستان میں اپنی حمایت میں اضافہ کرنے کے لیے اس نوعیت کے واقعات سے بچنا چاہیے۔ تاہم اب امریکی فوجی کے ہاتھوں عام شہریوں کی ہلاکت معاملات مزید پیچیدہ کر سکتی ہے۔

مبصرین کے مطابق اس طرح کے واقعات افغانستان میں طالبان عسکریت پسندوں اور دیگر دہشت گرد عناصر کے ہاتھ مضبوط کرنے کا سبب بن رہے ہیں۔

رپورٹ: شامل شمس ⁄ خبر رساں ادارے

ادارت: عصمت جبیں

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں