1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

لاہور خودکش حملوں سے کرکٹ بھی متاثر

گوہر نذیر12 مارچ 2008

پاکستانی شہر لاہور میں منگل کے روز دو خودکش بم حملوں کا منفی اثر پاکستانی کرکٹ پر بھی ہوا۔ان حملوں کے فوراً بعد ہی کرکٹ آسٹریلیا نے اپنے دورہءپاکستان کو سیکورٹی کی مخدوش صورتحال کے پیش نظر ملتوی کردیا۔

https://p.dw.com/p/DYDy
تصویر: AP

آسٹریلوی کرکٹ ٹیم رواں ماہ کے اواخر میں پاکستان کا دورہ کرنے والی تھی لیکن سیکورٹی کے مسائل کے پیش نظر فی الحال اس مجوزہ کرکٹ سیریز کو ملتوی کردیا گیا ہے۔

دونوں ہی کرکٹ بورڈز کے چیئرمین دورے کی نئی تاریخوں کے تعین کے لئے دبئی میں ملاقات کرنے والے ہیں۔کرکٹ آسٹریلیا کے چئیرمین‘ Creagh O'Connor اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نسیم اشرف آئیندہ ویک اینڈ پر دبئی میں ملاقات کرکے ملتوی شدہ دورے کی ممکنہ نئی تاریخوں کا تعین کریں گے۔

اگرچہ کرکٹ آسٹریلیا نے سیریز کو رسمی طور پر منسوخ نہیں کیا ہے تاہم خیال کیا جارہا ہے کہ یہ سیریز سال دو ہزار آٹھ میں اب ممکن نہیں ہوسکے گی۔کرکٹ آسٹریلیا کے چئیرمین‘ Creagh O'Connorنے کہا کہ انہیں افسوس ہے کہ مجوزہ دورہءپاکستان مقرر کردہ وقت پر ممکن نہیں ہوسکے گا۔

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے آسٹریلوی کوچ Geoff Lawsonنے آسٹریلیا کے فیصلے پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ دورہ ملتوی کرنے کا کوئی جواز ہی پیدا نہیں ہوتا۔انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان میں خود کو محفوظ تصور کرتے ہیں اور یہ کہ انہیں سیکورٹی کے حوالے سے کوئی بھی خطرہ درپیش نہیں ہے۔لاسن نے کہا کہ انہیں افسوس ہے کہ پاکستانی ٹیم آسٹریلیا کے ساتھ ایک ایسے وقت میں کھیل نہیں سکے گی جب آسٹریلوی ٹیم ناقابل شکست نہیں ہے۔