1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مارایا کیری کی سعودی عرب میں پرفارمنس، اتنا واویلا کیوں؟

30 جنوری 2019

مشہور امریکی گلوکارہ مارایا کیری رواں ہفتے سعودی عرب میں پرفارم کریں گی۔ ان کا یہ شو سعودی عرب میں جاری اصلاحات کا ایک حصہ ہے لیکن جمعرات کو ہونے والے ان کے اس کنسرٹ کی اتنی زیادہ مخالفت کیوں کی جا رہی ہے؟

https://p.dw.com/p/3CSYn
Kombobild Mariah Carey & Frau an der Elfenbeinküste

حقوق نسواں کے لیے سرگرم خواتین امریکی گلوکارہ کے سعودی عرب کے دورے کو شدید تنقید کا نشانہ بنا رہی ہیں۔ ان کارکنوں کا خیال ہے کہ یہ امریکی آرٹسٹ سعودی عرب کو ’اپنا مثبت چہرہ‘ دکھانے میں مدد فراہم کریں گے۔

امریکی صحافی اور سرگرم کارکن مُونا الطحاوی کا ٹویٹر پر مارایا کیری کو مخاطب کرتے ہوئے کہنا تھا، ’’کیا اُسے علم ہے کہ وہ کیا کر رہی ہے؟ وہ سعودی عرب میں خواتین کے حقوق کی کارکنوں کی صورتحال سے آگاہ ہے؟ انہیں اپنے کنسرٹ کے حوالے سے دوبارہ سوچنا چاہیے۔‘‘

امریکی کلوگارہ کا یہ کنسرٹ جمعرات کو بندرگاہی شہر جدہ سے شمال میں واقع اقتصادی شہر شاہ عبداللہ میں ہو رہا ہے۔ بیلجیم میں مقیم سعودی نژاد کارکن عالیہ الھذلول کا گلوکارہ کو یاد کرواتے ہوئے کہا ہے، ’’میری بہن لجين الهذلول مئی دو ہزار اٹھارہ سے سعودی جیل میں ہے اور اس کا قصور بس اتنا ہے کہ اس نے اس سلطنت میں خواتین کی ڈرائیونگ کے لیے جدوجہد کی تھی۔‘‘ سعودی عرب میں خواتین کو ڈرائیونگ کی اجازت مل چکی ہے لیکن اس مہم میں شریک ہونے والی کئی خواتین کارکن ابھی تک جیل میں ہیں۔

دوسری جانب کئی مقامی سعودی شہریوں نے سوشل میڈیا پر جاری ’سعودی مخالف‘ مہم کی شدید مخالفت کی ہے۔ ان صارفین کا کہنا تھا کہ موسیقی کے کنسرٹ اور ان خواتین کا آپ میں کوبراہ راست لنک نہیں ہے، یہ سب کچھ بس توجہ حاصل کرنے کے لیے کیا جا رہا ہے۔

سوشل میڈیا پر یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ اگر مارایا کیری اپنا کنسرٹ منسوخ نہیں کرتیں تو یہ سعودی عرب کی ایک بہت بڑی جیت ہو گی اور ریاض حکومت اسے پراپیگنڈا کے لیے استعمال کرے گی۔ حال ہی میں دو دیگر مشہور عالمی اداکار بھی سعودی عرب میں میوزک شو کر چکے ہیں۔

قبل ازیں مارایا کیری نے بلومبرگ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا تھا کہ ان کے سعودی عرب میں کنسرٹ کا مقصد سعودی تفریح کے شعبے کو علاقائی اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے لیے پرکشش بنانا ہے۔ سوشل میڈیا پر تنقید کے بعد کیری کا ابھی تک کوئی جواب سامنے نہیں ہے لیکن ماہرین کے مطابق وہ اس کنسرٹ کے ساتھ ساتھ ’سیاسی خطرہ‘ بھی مول لے رہی ہیں۔

ا ا / ع ب