1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مارچ روکنا ہے تو ہمیں جان سے مارنا پڑے گا، تحریک لبیک

30 اگست 2018

پاکستانی مذہبی جماعت تحریک لبیک کا اسلام آباد کی جانب مارچ کا سلسلہ جاری ہے۔ مظاہرین کو جہلم میں روکنے کی کوشش کی گئی تھی تاہم وہ رکاوٹیں ہٹا کر اسلام آباد کی جانب گامزن ہیں۔

https://p.dw.com/p/342u3
Pakistan Islamabad - Islamisten Protestieren gegen Minister
تصویر: picture-alliance/AP Photo/B. K. Bangash

انتہائی دائیں بازو کے نظریات رکھنے والے ڈچ سیاست دان گیئرڈ وِلڈرز کی جانب سے پیغمبر اسلام کے خاکوں پر مشتمل مقابلے کے مجوزہ انعقاد کے خلاف پاکستان میں مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔

دائیں بازو کی مذہبی جماعت تحریک لبیک نے لاہور سے اسلام آباد کی جانب مارچ شروع کر رکھا ہے۔ نیوز ایجنسیوں کے مطابق مارچ میں شریک مظاہرین کی تعداد دس ہزار کے لگ بھگ ہے۔

خادم حسین رضوی کی قیادت میں اسلام آباد کی جانب مارچ کرنے والے یہ مظاہرین اسلام آباد حکومت سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ ہالینڈ سے سفارتی تعلقات منقطع کر دیے جائیں۔ رضوی کا مطالبہ ہے کہ پاکستانی حکومت ہالینڈ سے اپنا سفیر واپس بلائے اور اسلام آباد میں موجود ڈچ سفیر کو واپس بھیج دیا جائے۔

پاکستان دفتر خارجہ کے ترجمان نے آج 30 اگست کو اپنی ہفتہ وار بریفنگ کے دوران خادم رضوی کے اس مطالبے کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا، ’’بلاوجہ کوئی انتہائی قدم نہیں اٹھایا جائے گا لیکن یہ معاملہ ہمارے عوام اور حکومت کے لیے انتہائی حساس اور اہم ہے، جس سے ڈیل کیا جائے گا۔‘‘

دفتر خارجہ کے ترجمان کا یہ بھی کہنا تھا کہ حکومت نے دنیا بھر میں تعینات اپنے سفارت کاروں کو ہدایات جاری کر رکھی ہیں کہ وہ میزبان ممالک کے ساتھ اس معاملے پر گفتگو کریں۔ علاوہ ازیں او آئی سی اور اقوام متحدہ کے مختلف پلیٹ فارمز پر بھی اس معاملے کو پیش کیا جا رہا ہے۔

تاہم ان تمام اقدامات کے باوجود تحریک لبیک اپنے موقف پر قائم ہے۔ تحریک کے ترجمان اعجاز اشرفی کے مطابق پولیس نے جہلم کے قریب رکاوٹیں کھڑی کر کے ان کے قافلے کو روکنے کی کوشش کی۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت اگر مارچ روکنا چاہتی ہے تو اسے ’ہمیں جان سے مارنا‘ پڑے گا۔

تحریک لبیک اور اس کے حامیوں کی جانب سے سوشل میڈیا پر شیئر کی جانے والی تصاویر اور ویڈیوز میں دکھایا گیا ہے کہ مظاہرین جی ٹی روڈ سے رکاوٹیں ہٹا کر دوبارہ اسلام آباد کی جانب گامزن ہو چکے ہیں۔