1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

محمد عامر کی شاندار واپسی

عابد حسین23 نومبر 2015

محمد عامر کو اسپاٹ فکسنگ کے تحت سن 2011 میں بین الاقوامی کرکٹ کھیلنے سے روک دیا گیا تھا۔ اُن پر عائد پابندی رواں برس کے دوران ختم ہوئی ہے۔ وہ پابندی ختم ہونے کے بعد پہلی مرتبہ پاکستان سے باہر کسی ملک میں کھیل رہے ہیں۔

https://p.dw.com/p/1HAZB
محمد عامرتصویر: AP

محمد عامر اِن دنوں بنگلہ دیش میں جاری ٹی ٹوئنٹی پریمیئر لیگ میں چٹاگانگ وائکنگ کی جانب سے کھیل رہے ہیں۔ عامر اِن دنوں بین الاقوامی کرکٹ کھیلنے پر عائد پابندی کے خاتمے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کے تیار کردہ مورال بلڈنگ کے روڈ میپ پر عمل پیرا ہیں۔ پاکستانی تیز بولر کو سن 2011 میں انگلینڈ کے خلاف کھیلے جانے والے ایک ٹیسٹ میچ کے دوران اسپاٹ فکسنگ کا مرتکب قرار دیا گیا تھا۔ اُن کو پاکستانی ٹیم کے تیز بولر محمد آصف اور بیٹسمین سلمان بٹ کے ساتھ جیل کی سزا بھی سنائی گئی تھی۔

بنگلہ دیش پریمیئر لیگ کے افتتاحی میچ میں محمد عامر نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا۔ تیئیس برس کے تیز بولر نے بیس اوورز کے میچ میں اپنے مقررہ چار اوورز میں چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ انہوں نے جن کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، اُن میں پاکستانی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کی وکٹ بھی شامل رہی۔ عامر نے چار وکٹیں محض تیس رنز دے کر حاصل کیں۔ مصباح الحق اپنی وکٹ سے اُس وقت ہاتھ دھو بیٹھے، جب عامر کی ایک تیز رفتار یار نے اُن کی وکٹوں کو بکھیر دیا۔ یہ میچ بنگلہ دیشی دارالحکومت ڈھاکا میں کھیلا گیا۔

Flash-Galerie Pakistan Sport Cricket Mohammad Amir
محمد عامر اور سلمان بٹ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی میٹنگ میں شریک ہوتے ہوئےتصویر: AP

ڈھاکا میں کھیلے جانے والے میچ کے بعد پاکستانی بولر نے ذرائع ابلاغ کی ایک بڑی ٹیم کے ساتھ کسی بھی قسم کی کوئی بات کرنے سے انکار کر دیا۔ پاکستان سے بنگلہ دیش روانگی سے قبل انہوں نے یہ ضرور کہا تھا کہ وہ چٹاگانگ وائکنگ کے مشکور ہیں کہ اُس نے انہیں موقع فراہم کیا ہے اور وہ اپنی بھرپور پرفارمنس دینے کی کوشش کریں گے۔ دوسری طرف ایک دوسرے پاکستانی کرکٹر محمد حفیظ نے چٹاگانگ وائکنگ کے ساتھ کنٹریکٹ دستخط کرنے سے اِس باعث انکار کردیا کہ اُس نے محمد عامر کو بھی کنٹریکٹ پیش کیا تھا۔

محمد عامر کی پاکستانی کی قومی ٹیم میں واپسی کے خاصے امکانات ہیں کیونکہ ابھی وہ خاصے نوجوان ہیں۔ دوسری جانب اُن کے سزا یافتہ ساتھیوں سلمان بٹ اور محمد آصف کے کیریئر بظاہر اختتام کے قریب دکھائی دیتے ہیں۔ بنگلہ دیش میں کھیلی جانے والی انٹرنیشنل ٹی ٹوئنٹی لیگ میں شمولیت ایک طرح سے پاکستانی بولر کے لیے اگلے برس بھارت میں کھیلے جانے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی جانب ایک قدم قرار دیا گیا ہے۔ اِس قبل وہ پاکستان کے ڈومیسٹک سیزن بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر چکے ہیں۔