1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مشرق وسطیٰ امن عمل: امریکہ اور اسرائیل کا اتفاق رائے

12 نومبر 2010

امریکہ اور اسرائیل کے درمیان مشرقِ وسطیٰ امن عمل کے لئے براہ راست مذاکرات شروع کرنے کی کوششوں پر اتفاق ہو گیا ہے، جو امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن کی اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو سے ملاقات کے بعد سامنے آیا ہے۔

https://p.dw.com/p/Q6bL
ہلیری کلنٹن اور بینجمن نیتن یاہوتصویر: AP

نیویارک میں دونوں رہنماؤں کے درمیان طویل ملاقات کے بعد جاری کئے گئے ایک اعلامئے کے مطابق، بات چیت میں ’دو ریاستی حل‘ کے لئے مذاکرات کی بحالی پر غور کیا گیا۔ مشترکہ اعلامئے میں کہا گیا کہ ہلیری کلنٹن اور نیتن یاہو کی ملاقات میں براہ راست مذاکرات کی بحالی کے لئے حالات پیدا کرنے پر غور کیا گیا، جس کا مقصد دو ریاستی حل ہے۔

اعلامئے کے مطابق امریکی اور اسرائیلی ٹیمیں آئندہ دنوں میں اس حوالے سے کوئی جامع منصوبہ پیش کرنے کے لئے کام کریں گی۔ ہلیری کلنٹن نے اسرائیلی وزیر اعظم کو یہ یقین بھی دلایا کہ فلسطینیوں کے ساتھ مستقبل کے کسی بھی معاہدے کے تناظر میں اسرائیلی سکیورٹی کے لئے تمام ضروریات کو مدِنظر رکھا جائے گا۔

یہ مذاکرات تقریباً سات گھنٹے جاری رہے، جس کے بعد یہودی آباد کاری کے تنازعے کا ذکر نہیں ہوا۔ فلسطینی رہنما آباد کاری کے منصوبوں کی بنا پر ہی مذاکرات سے انکار کر رہے ہیں۔

اسرائیل نے آباد کاری کے منصوبے معطل کر رکھے تھے، اور اس معطلی کی مدت ستمبر میں ختم ہو گئی، جس میں توسیع سے یروشلم حکام انکار کر چکے ہیں۔ رواں ماہ کے آغاز پر انہوں نے مشرقی یروشلم کے متنازعہ علاقے میں ایک ہزار تین سو نئے گھر تعمیر کرنے کا اعلان کیا۔ دوسری جانب فلسطینیوں کا کہنا ہے کہ وہ تعمیراتی عمل کو روکے جانے تک مذاکرات کی میز پر نہیں لوٹیں گے۔

Mahmoud Abbas Palästinesischer Premierminister Rücktritt
فلسطینی اتھارٹی کے صدر محمود عباستصویر: AP

امریکہ کا کہنا ہے کہ آبادی کاری کے منصوبوں سے کوئی مدد نہیں مل رہی۔ واشنگٹن انتظامیہ فریقین پر مذاکرات شروع کرنے کے لئے زور دے چکی ہے۔

براہ راست مذاکرات امریکی ثالثی میں ستمبر کے آغاز پر بحال ہوئے تھے، جن کے دو دَور ہی مکمل ہو سکے تھے۔

دوسری جانب جمعرات کو رملہ میں ایک بیان میں فلسطینی اتھارٹی کے صدر محمود عباس نے اسرائیل پر زور دیا کہ آبادی کاری پر امن کو ترجیح دے۔ انہوں نے کہا، ’اب میں اسرائیلی عوام سے مخاطب ہوں۔ مجھے اُمید ہے، وہ ہماری آواز سنیں گے، وہ جو امن پر یقین رکھتے ہیں، اگر وہ موجود ہیں۔’

رپورٹ: ندیم گِل

ادارت: کشور مصطفیٰ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید