1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ممبئی میں پاکستانی شہری کو مدر ٹریسا ایوارڈ دیا گیا

بینش جاوید
22 اکتوبر 2018

پاکستان میں خواتین کے حقوق اور انہیں تحفظ فراہم کرنے کی کوششوں کے اعتراف میں سلمان صوفی کو اتوار  کو بھارتی شہر ممبئی میں مدر ٹریسا ایوارڈ دیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/36vTQ
Indien Salman Sufi, Mother Teresa Award (Salman Sufi)
تصویر: Chaitaniya

سلمان صوفی نے ایوارڈ حاصل کرنے کے بعد اپنے خطاب میں کہا کہ بھارت اور پاکستان دونوں ممالک میں خواتین کو بہت سنگین مسائل کا سامنا ہے۔ انہوں نے انسانیت کی بے پناہ خدمت کرنے والی مدر ٹریسا کو بھی خراج عقیدت پیش کیا۔ ڈی ڈبلیو سے خصوصی گفتگو میں انہوں نے کہا کہ وہ امید کرتے ہیں کہ اس ایوارڈ کے بعد پاکستان کی نو منتخب حکومت ان کے شروع کیے گئے منصوبوں کو آگے جاری رکھےگی۔

سلمان صوفی نے پاکستان کے صوبے پنجاب کی سابقہ حکومت کے دوران خواتین کی خود مختاری کے حوالے سے قانون سازی میں مرکزی کردار ادا کیا تھا۔ انہوں نے پنجاب میں خواتین سینٹرز بھی قائم کیے تھے۔ صوفی کی کوششوں سے جنوبی ایشیا کا سب سے پہلا اس طرح کا سینٹر ملتان میں قائم کیا گیا تھا۔ اس سینٹر میں متاثرہ خواتین کی سہولت اور آسانی کے لیے تمام عملہ خواتین پر مشتمل تھا۔ اسی سینٹر میں متاثرہ خواتین کو رہائش کی سہولت بھی فراہم کی گئی تھی۔

Pakistan Salman Sufi, Stategic Reforms Unit
تصویر: Stategic Reforms Unit

سلمان صوفی نے ڈی ڈبلیو سے گفتگو کرتے ہوئے کہا،’’اس سینٹر کے قائم ہونے کے ایک سال کے دوران ہم دو ہزار سے زائد کیس حل کر چکے تھے۔ اس منصوبے کی سب سے بڑی کامیابی یہ ہے کہ خواتین اس سینٹر میں آنے سے گھبراتی نہیں ہیں کیونکہ تمام  عملہ خواتین پر مشتمل ہے۔‘‘

صوفی کو ’ویمن آن وہیلز‘ منصوبے کے لیے بھی سراہا جاتا ہے۔ اس منصوبے کے تحت صوبہ پنجاب میں لگ بھگ پینتیس سو خواتین کو موٹر سائیکل چلانے کی تربیت دی گئی تھی۔ صوفی نے ڈی ڈبلیو سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں خدشہ ہے کہ پاکستان کی نو منتخب حکومت ان کے شروع کیے گئے منصوبوں کو آگے نہیں چلائے گی۔ انہوں نے ڈی ڈبلیو کو بتایا،’’ہم پاکستان کی حکومت کے ساتھ مذاکرات کر رہے ہیں تاکہ وہ ان منصوبوں کو ختم نہ کریں۔‘‘

Pakistan Salman Sufi, Stategic Reforms Unit
تصویر: Stategic Reforms Unit

اس برس یہ انعام نوبل انعام یافتہ شیریں عبادی اور نادیہ مراد کے علاوہ افغان خاتون اوّل رولا غنی کو دیا گیا ہے۔پاکستانی نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی اور بلقیس ایدھی کو بھی اس سے قبل اس اعزاز سے نوازا جا چکا ہے۔ اس کے علاوہ یہ انعام پانے والوں میں دلائی لامہ اور مہاتیر محمد جیسی شخصیات بھی شامل ہیں۔