1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مودی کو اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے: عمران خان

14 اگست 2019

پاکستانی وزیر اعظم نے یوم ازادی کے موقع پر مظفر آباد میں اپنے خطاب میں کہا کہ بھارت کشمیر میں جاری مظالم سے توجہ ہٹانے کے لیے پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں 'ایکشن‘ کر سکتا ہے۔

https://p.dw.com/p/3NtUW
تصویر: AFP/Getty Images

عمران خان نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو متنبہ کیا کہ وہ کشمیریوں کو غلام نہیں بنا سکتے اور اگر انہوں نے پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں کوئی کارروائی کی، تو پاکستان اس کا بھرپور جواب دے گا۔

پاکستان کے تہترویں یوم آزادی کے موقع پر مظفر آباد میں آزاد جموں کشمیر کی قانون ساز اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ اب اگر جنگ ہوگی، تو اس کی ذمہ داری بین الاقوامی برادری پر ہوگی کیونکہ اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل کرانا عالمی برادری ہی کا کام تھا، جو اس نے نہیں کیا۔ عمران خان نے کہا کہ ان کی حکومت مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لیے دنیا کے ہر فورم پر جائی گی اور اقوام متحدہ کے آئندہ اجلاس کے دوران دنیا دیکھے گی کہ کتنے لوگ کشمیر کے لیے احتجاج کریں گے۔

انہوں نے بھارتی وزیر اعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا، ''آپ کسی غلط فہمی میں نہ رہیں۔ کشمیری لڑ لڑ کر پکے ہو چکے ہیں۔ ان کا ڈر ختم ہو چکا ہے۔‘‘ پاکستانی وزیر اعظم نے کہا کہ اب دنیا کی نظریں کشمیر اور پاکستان پر ہیں۔ انہوں نے کہا، ''اب میں دنیا میں کشمیر کا سفیر بنوں گا۔‘‘

پاکستانی سربراہ حکومت نے کہا کہ جموں کشمیر کے حوالے سے بھارت کے یکطرفہ اور غیرقانونی اقدامات نریندر مودی کی 'اسٹریٹیجک غلطی‘ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مودی اپنا آخری پتہ کھیل چکے ہیں، جس سے مسئلہ کشمیر ایک بار پھر عالمی سطح پر اجاگر ہوگیا ہے۔

Indien Kaschmir-Konflikt
تصویر: picture-alliance/AP Photo/D. Yasin

بھارت کی طرف سے جموں کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے اور اس کی انتظامی تقسیم کے اعلان کے بعد اسلام آباد حکومت نے اس مرتبہ پاکستان کے یوم آزادی کو کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے دن کے طور پر منانے کا فیصلہ کیا۔ حکومت نے یہ بھی طے کیا ہے کہ پاکستان میں اس بار بھارت کا یوم آزادی یوم سیاہ کے طور پر منایا جائے گا۔ بھارت کے زیر انتظام جموں کشمیر میں کرفیو جیسے حالات کو دس روز ہونے کو آئے ہیں اور مواصلاتی نظام منقطع کیے جانے کی وجہ سے وہاں کے لوگ دنیا سے کٹ کر رہ گئے ہیں۔

اپنے خطاب میں عمران نے بھارت میں حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کے ہندو قوم پرست نظریے کو امن و سلامتی کے لیے خطرہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ آر ایس ایس کا نظریہ ایک خوفناک نظریہ ہے، جو ان کے بقول ہٹلر کی نازی پارٹی سے متاثر ہو کر بنایا گیا۔ پاکستانی وزیر اعظم نے کہا کہ آر ایس ایس کا نظریہ کئی برسوں سے چلتا آ رہا تھا لیکن پچھلے پانچ برسوں کے دوران اس سے سب سے زیادہ متاثر جموں کشمیر ہوا ہے۔ عمران خان نے کہا کہ آر ایس ایس کا جن اب بوتل سے نکل چکا ہے اور اب یہ معاملہ بھارت کی دیگر مذہبی اقلیتوں تک جائے گا۔

Indien Premier Modi verteidigt Aberkennung des Sonderstatus von Kaschmir
تصویر: Reuters/A. Dave
اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید