1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اسلام آباد دھرنا ختم، احتجاج صوبوں میں منتقل کرنے کا اعلان

13 نومبر 2019

مولانا فضل الرحمن کے مطابق حکومت کو گھر بھیجنے اور ملک میں نئے آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے لیے ان کا احتجاج اب دوسرے مرحلے میں داخل ہو رہا ہے۔

https://p.dw.com/p/3Swo0
تصویر: AFP/Getty Images/A. Majeed

اسلام آباد میں دھرنے کے شرکا سے خطاب میں مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ حکومت کا خیال ہے کہ جب یہاں سے لوگ اٹھیں گے تو اس کے لیے آسانی ہوگی، لیکن اب ہماری تحریک اگلے مرحلے میں داخل ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا ملک میں اگلے دھرنے شہروں میں نہیں بلکہ قومی شاہراؤں پر ہوں گے۔

مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ میں پوری قوم سے کہتا ہوں کہ وہ جہاں ہیں، اپنے حقوق کی لڑائی کے لیے باہر آئیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ایک ناجائز حکومت براجمان ہے، جسے گھر جانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں نئے آزادانہ اور منصفانہ انتخابات ناگزیر ہو چکے ہیں۔

اس موقع پر انہوں نے دھرنے کے دوران اپنے کارکنوں کو نظم و ضبط قائم رکھنے پر انہیں خراج تحسین پیش کیا اور انہیں آئندہ بھی پر امن رہنے کی تلقین کی۔

Pakistan Opposition protestiert gegen regierung in Lahore
تصویر: picture-alliance/ZUMAPRESS/R. Sajid Hussain

کوئٹہ سے ڈی دبلیو کے نامہ نگار غنی کاکڑ نے بتایا ہے کہ بدھ کو جمیعت سے وابستہ مظاہرین نے بلوچستان کو چمن بارڈر سے جوڑنے والی سڑک کو بند کردیا، جس سے پاک افغان تجارت رک گئی ہے۔

اسی طرح اطلاعات ہیں کہ بلوچستان سے سندھ کے علاقوں کندھ کوٹ اور جیکب آباد جانے والی سڑکیں بھی بند کی گئی ہیں، جبکہ جمیعت کے کارکنان کا کہنا ہے کہ جلد کراچی کوئٹہ روٹ بھی بند کیا جائے گا۔

مولانا فضل الرحمان کی جماعت نے ستائیس اکتوبر کو سندھ سے اپنے حکومت مخالف "آزادی مارچ" کا آغاز کیا اور پہلی نومبر سے اسلام آباد میں پشاور موڑ پر دھرنا شروع کیا۔  

Pakistan, Islamabad: Proteste gegen die Regierung
تصویر: DW/A. Syed

یہ دھرنا کوئی تیرہ دن چلا۔ جمعیت علمائے اسلام کے  ہزاروں کارکن سردی اور بارش کے باوجود احتجاج میں شامل رہے۔ مظاہرین کی اکثریت خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے پشتون علاقوں سے تھی۔ سندھ سے بھی جمعیت کے قافلے اسلام آباد میں خیمہ زن رہے۔ البتہ اس احتجاج میں ملک کے سب سے بڑے صوبے پنجاب سے  لوگوں کی شرکت کم رہی۔

اس دوران عوامی نیشنل پارٹی اور پختونخوا ملی عوامی پارٹی سمیت ملک کی دو بڑی جماعتوں مسلم لیگ نواز اور پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے بھی کنٹینر پر پہنچ کر مولانا فضل الرحمان کے مطالبات کی حمایت کی۔ تاہم ماسوائے پختونخوا ملی عوامی پارٹی اپوزیشن کے ان جماعتوں کے کارکنان اس دھرنے میں نہ ہونے کے برابر تھے۔

Pakistan | Angereiste Demonstranten der Opposition gegen Imran Khan in Islamabad
تصویر: DW/A. Sattar
اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں