1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مہاجرین اٹلی بھیجے تو ہوائی اڈے بند کر دیں گے، سالوینی

7 اکتوبر 2018

اطالوی وزیر داخلہ ماتیو سالوینی نے دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر جرمنی نے درجنوں مہاجرین کو اٹلی واپس بھیجنے کے مبینہ منصوبے پر عمل کیا تو روم حکومت جرمنی کے لیے اپنے ہوائی اڈے بند کر دے گی۔

https://p.dw.com/p/368ME
Italien Innenminister Matteo Salvini
تصویر: picture-alliance/dpaA. Medichini

آج اتوار کو ایک ٹویٹ پیغام میں سالوینی کا کہنا تھا کہ اُن کی حکومت مہاجرین کے لیے اپنے ایئر پورٹ بھی بالکل اسی طرح بند کر دے گی، جیسے اس نے اپنی بندرگاہوں کو بند کر رکھا ہے۔ بعض اطالوی نیوز رپورٹوں میں کہا گیا تھا کہ برلن حکومت چارٹرڈ پروازوں کے ذریعے پناہ گزینوں کو واپس اٹلی بھیجنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔

اطالوی میڈیا کے مطابق جرمن حکام اس حوالے سے درجنوں مہاجرین کو ایسے انتباہی خطوط بھی روانہ کر چکی ہے کہ انہیں خصوصی پروازوں کے ذریعے اٹلی واپس بھیجا جائے گا۔ ایسی میڈیا رپورٹوں میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ یہ کارروائی نو اکتوبر کو کی جائے گی۔

Flüchtlingslager Velika Kladusa
تصویر: DW/D. Mardesic

دریں اثناء جرمن حکومت نے اتوار کے روز اطالوی میڈیا کی ایسی رپورٹوں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ برلن حکومت کا ایسا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ جرمن وزارت داخلہ کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے، ’’آئندہ دنوں میں ایسی کوئی بھی پرواز اٹلی بھیجنے کا منصوبہ نہیں ہے۔‘‘

یاد رہے کہ چند روز پہلے اٹلی کی حکومت نے مہاجرین کے لیے پناہ اور ملک بدری سے متعلق قوانین کو مزید سخت بنانے کی خاطر ایک متنازعہ سکیورٹی قانون کی بھی منظوری دے دی تھی۔  یہ قانون مہاجرین کو اٹلی بدر کرنے اور انہیں شہریت نہ دینے میں مددگار ہو گا۔

ا ا / ص ح