1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

میرانشاہ میں ڈرون حملہ، چار مشتبہ جنگجو ہلاک

16 اگست 2011

پاکستانی قبائلی علاقے میرانشاہ میں امریکی ڈرون طیارے کے حملے میں کم از کم چار مشتبہ عسکریت پسند ہلاک جبکہ دو زخمی ہوگئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/12HBo
تصویر: AP

خبر رساں اداروں نے پاکستانی انٹیلی جنس ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ یہ حملہ شمالی وزیرستان میں کیا گیا۔ اطلاعات ہیں کہ مرکزی علاقے میرانشاہ میں ایک گاڑی اور ایک مکان پر دو میزائل داغے گئے۔ پاکستانی حکام کے مطابق اس حملے میں دو مشتبہ عسکریت پسند زخمی بھی ہوئے ہیں۔ حکام کی طرف سے ہلاک ہونے والوں کی شناخت کے بارے میں نہیں بتایا گیا ہے۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی کے ایک نمائندے نے بتایا ہے کہ یہ ڈرون حملہ سحری سے قبل کیا گیا۔ اس نمائندے کے مطابق جس مکان پر حملہ کیا گیا تھا، وہ شہر کے مرکزی گرلز اسکول کے قریب واقع ہے۔ مقامی افراد نے بتایا ہے کہ یہ گھر ایک عرصے سے مقامی طالبان کے زیر استعمال تھا۔

Pakistan Proteste
پاکستان میں ڈرون حملوں کے باعث امریکہ کے خلاف نفرت میں خاصا اضافہ ہو رہا ہےتصویر: dapd

واضح رہے کہ پاکستان میں ڈرون حملوں کے باعث امریکہ کے خلاف نفرت میں خاصا اضافہ ہو رہا ہے۔ واشنگٹن حکومت اسلام آباد پر طویل عرصے سے دباؤ ڈال رہی ہے کہ وہ شمالی وزیرستان میں فوجی آپریشن کرے تاہم پاکستان نے تاحال ایسا نہیں کیا ہے۔ مغربی ممالک کا خیال ہے شمالی وزیرستان میں عسکریت پسندوں کا حقانی نیٹ ورک پاکستانی خفیہ ادارے آئی ایس آئی کے بہت قریب ہے۔

حال ہی میں لندن میں قائم بیورو آف انویسٹی گیٹیِو جرنلزم اور پاکستان کے انگریزی روزنامہ دی ایکسپریس ٹریبیون کی ایک تحقیقی رپورٹ سامنے آئی تھی، جس کے مطابق پاکستان میں 2004ء سے اب تک 291 ڈرون حملے ہوئے۔ اس عرصے  میں ان حملوں کے نتیجے میں ہلاکتوں کی کم از کم تعداد دو ہزار دو سو بانوے بتائی گئی ہے، جو بالعموم سامنے آنے والے اعدادوشمار سے چالیس فیصد زیادہ ہے۔

اس مطالعے میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ امریکی صدر باراک اوباما کی انتظامیہ نے یہ حملے تیز کیے اور دو سو چھتیس حملوں میں ایک ہزار آٹھ سو بیالیس افراد ہلاک ہوئے۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ اس کے برعکس سابق امریکی صدر جارج ڈبلیو بش کے عہد میں ایسے باون حملے ہوئے تھے۔ امریکی ڈرون حملوں کے تجزیے سے پتہ چلا ہے کہ انتہاپسندوں کے مشتبہ اہداف پر سینٹرل انٹیلیجنس ایجنسی (سی آئی اے) کی جانب سے اس سے کہیں زیادہ حملے کیے گئے، جن کا قبل ازیں پتہ چلتا رہا ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق ڈرون حملوں میں زخمی ہونے والوں کی تعداد گیارہ سو ہے۔ امریکہ حکام اس رپورٹ میں پیش کیے جانے والے اعداد وشمار کو رد کرتے ہوئے اس کی مذمت کر چکے ہیں۔

رپورٹ: امتیاز احمد

ادارت: افسر اعوان 

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں