1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

میرکل کی بطور یورپی کمیشن کے صدر حمایت کریں گے، ماکروں

12 جون 2019

یورپی پارلیمانی الیکشن کے بعد یورپی یونین کے اعلیٰ ترین عہدوں کے انتخاب کے لیے پارلیمانی گروپوں میں مشاورت جاری ہے۔ یورپی کمیشن کے منصبِ صدارت کے لیے فرانسیسی صدر نے چانسلر انگیلا میرکل کے امیدوار بننے کی حمایت کی ہے۔

https://p.dw.com/p/3KDe1
Emmanuel Macron und Angela Merkel
تصویر: picture-alliance/dpa/M. Kappeler

فرانسیسی صدر ایمانوئل ماکروں نے سوئٹزرلینڈ کے براڈ کاسٹر آر ٹی ایس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ چانسلر میرکل اپنے بارے میں یہ نہیں کہیں گی لیکن وہ اُن کے یورپی کمیشن کے صدر بننے کی حمایت کریں گے۔ یورپی یونین کا ایگزیکٹو شعبہ یورپی کمیشن کہلاتا ہے۔

یورپی یونین کے اعلیٰ ترین مناصب کے حتمی انتخاب کے تناظر میں ماکروں نے واضح کیا کہ یورپ کو اب نئے چہروں کے ساتھ ساتھ قوت کی بھی ضرورت ہے۔ جرمن چانسلر بار بار یہ کہہ چکی ہیں کہ وہ موجودہ چانسلر کی مدت کے مکمل ہونے پر سیاست کو خیرباد کہہ دیں گی۔ دوسری جانب یورپ کے سیاسی حلقوں میں یہ بات چل نکلی ہے کہ میرکل یورپی کمیشن کے صدر کا عہدہ سنبھالنے کے حوالے سے بھی سوچیں۔

سوئٹزرلینڈ کے فرانسیسی زبان کے چینل آر ٹی ایس کو انٹرویو دیتے ہوئے فرانس کے صدر ایمانوئل ماکروں نے ایک مرتبہ یورپی پیپلز پارٹی کے امیدوار مانفرڈ ویبر پر تنقید کی ہے اور کہا کہ وہ یورپی عوام کے لیے اجنبی ہیں اور انہوں نےیورپی پارلیمنٹ کے الیکشن کے سلسلے میں یورپ بھر جاری انتخابی مہم میں بھرپور حصہ بھی نہیں لیا تھا۔

Angela Merkel
جرمن چانسلر انگیلا میرکل کو یورپ کی ایک مدبر سیاستدان خیال کیا جاتا ہےتصویر: picture-alliance/dpa/S. Rousseau

ماکروں نے یہ بھی کہا کہ یورپ کو ایسے چہروں کی ضرورت ہے جو مضبوط شخصیات حامل ہوں اور لوگ ان کی صلاحیتیں جانتے ہوئے اُن پر اعتماد کر سکیں۔ فرانسیسی صدر نے مزید کہا کہ جو بھی امیدوار ہو، وہ منصب کے مطابق قابلیت و اہلیت رکھتا ہو۔

یورپی کمیشن کے موجودہ صدر ژاں کلود ینکر کے عہدے کی میعاد رواں برس اکتیس اکتوبر کو ختم ہو رہی ہے۔ اس تاریخ سے قبل یورپی پارلیمنٹ کو ایک نئے اسپیکر کو منتخب کرنا ہے۔ یورپی پارلیمنٹ کے سب سے بڑی بلاک یورپی پیلز پارٹی کے امیدوار جرمن سیاستدان مانفرڈ ویبر ہیں۔ ینکر کا تعلق بھی اسی پارٹی سے ہے۔

رواں مہینے کے اوائل میں یورپی پیپلز پارٹی نے مانفرڈ ویبر کو ایک مرتبہ پھر اپنا لیڈر منتخب کیا ہے۔ ان کا انتخاب متفقہ طور کیا گیا۔ ژاں کلود ینکر کی جگہ پر مانفرڈ ویبر کو جیتنے کے لیے کم از کم دو مزید گروپوں کی حمایت درکار ہے۔ اس مناسبت سے اگلے ہفتے کے دوران ہونے والی یورپی یونین کی سمٹ نہایت اہم خیال کی گئی ہے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں