1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’نئی زمینیں تلاش کرنے میں جا رہا ہوں‘

16 اپریل 2018

امریکی خلائی تحقیقی ادارہ ناسا پیر کے روز ایک نیا سیٹلائٹ خلا میں بھیج رہا ہے، جو نظام شمسی کے قریب موجود ستاروں کے آس پاس گردش کرنے والے سیارے تلاش کرے گا، جن میں وہ سیارے بھی شامل ہیں، جہاں زندگی ممکن ہے۔

https://p.dw.com/p/2w6Xq
Weltraumteleskop - Kepler
تصویر: picture-alliance/ AP Photo

ناسا کی ٹرانزٹنگ ایکسپو پلینٹ سروے ٹی ای ایس ایس نامی یہ سیٹلائٹ  پیر کے روز فلوریڈا کے کیپ کانیورل اڈے سے روانہ کی جا رہی ہے۔ اس سیٹلائٹ کو خلا میں بھیجنے کے لیے مقامی وقت چھ بج کر بتیس منٹ یعنی عالمی وقت کے مطابق رات دس بج کر بتیس منٹ طے کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے ماہرین کے مطابق اسی فیصد امکانات ہیں کہ یہ مصنوعی سیارہ خلا میں بھیجنے کے لیے موسم سازگار ہو گا۔

آٹھویں سیارے کی دریافت میں ناسا نے مصنوعی ذہانت استعمال کی

ناسا نے زمین جیسے دس نئے سیارے دریافت کر لیے

دو ستاروں کے گرد گردش کرنے والے دو سیاروں کا کھوج

اس سیٹلائٹ کے ذریعے نظام شمسی کے گردونواح میں واقع قریب دو لاکھ چمک دار ستاروں کے گرد گردش کرنے والے سیاروں کا سراغ لگایا جائے گا۔ ناسا کا کہنا ہے کہ اس سٹیلائٹ کے ذریعے ان سیاروں کی کھوج لگائی جائے گی، جو زمین کی طرح اپنے اپنے میزبان سورج کے گرد گھوم رہے ہیں۔ اس کے علاوہ یہ سیٹلائٹ ان سیاروں کا میزبان ستارے سے فاصلہ، حجم اور دیگر اہم معلومات بھی فراہم کرے گی، جس سے ان سیاروں پر زندگی کے امکانات سے متعلق آگہی ملے گی۔

بتایا گیا ہے کہ اس مقصد کے لیے یہ سیٹلائٹ پہلے سے خلا میں موجود کیپلر دوربین کی طرز پر گردش کرتے ہوئے جب کوئی سیارہ اپنے میزبان ستارے اور سیٹلائٹ کے درمیان سے گزرے گا اور میزبان ستارے کی روشنی کے طولِ موج میں فرق پیدا ہو گا، تو اس سے اس سیارے کی موجودگی اور طول موج میں پڑنے والے فرق سے سیارے کے حجم اور ستارے سے فاصلے جیسی معلومات مل پائیں گی۔

سائنس دانوں کو توقع ہے کہ اس مشن کے ذریعے ہزاروں سیاروں کا سراغ لگایا جا سکے گا، جن میں سے قریب تین سو ایسے ہیں، جو زمین یا زمین کے حکم کے دوگنے کے برابر ہیں۔ اس سیٹلائٹ کے ذریعے ان سیاروں میں سے ان سیاروں کا انتخاب کیا جائے گا، جہاں زندگی ممکن ہو گی یا جو زندگی کے لیے موافق حالات کے حامل ہوں گے۔

سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ یہ سیٹلائٹ دو سال تک آسمان کو 26 سیکٹرز میں تقسیم کر کے ہر سیکٹر پر 27 دن تک ’گھورے‘ گا، جس دوران اس میں موجود انتہائی طاقت ور کیمرے تصاویر حاصل کریں گے۔

اس سیٹلائٹ سے موصول ہونے والی معلومات کو اگلے برس عوام کے سامنے پیش کیا جائے گا۔

ع ت / ع س