1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

نئےاور پورے چاند کےدنوں میں شارک زیادہ خونخوار

28 مئی 2010

امریکی ریاست فلوریڈا کے محقیقن کا کہنا ہے کہ شارک مچھلیاں عمومی طور پر نئے اور پورے چاند کے دنوں میں زیادہ خونخوار ہوجاتی ہیں اور عام طور پر ان کا نشانہ سیاہ اور سفید سوئمنگ سوٹ پہننے والے سرفر بنتے ہیں۔

https://p.dw.com/p/Nb45
تصویر: AP

فلوریڈا یونیورسٹی نے اس ضمن میں ایک تازہ تحقیق کے نتائج جاری کئے ہیں۔ یہ نتائج فلوریڈا کی وولوسیا کاؤنٹی کے سمندری علاقے میں پچھلے پچاس سال کے دوران شارک مچھلیوں کے حملوں کے واقعات سے متعلق تفصیلی چھان بین اور تجزیات کا نچوڑ ہیں۔ محقیقن اس عرصے میں شارک مچھلیوں کے حملوں کے سلسلے میں بنیادی طور پر تین سوالات کے جوابات کی کھوج میں رہے: کیوں، کہاں اور کب؟

فلوریڈا یونیورسٹی کے انٹرنیشنل شارک اٹیک فائل نامی اس منصوبے کے نگران جارج برگیس کے بقول وولوسیا کاؤنٹی میں شارک مچھلیوں کے زیادہ تر حملوں کے پیچھے انسانی اور ماحولیاتی عوامل کا ہاتھ رہا ہے۔ وہاں کے سمندری پانیوں کی تیز لہریں ایک طرف اگر دنیا بھر سے سرفنگ کے شائقین کو اس علاقے کی طرف کھینچ لاتی ہیں تو دوسری طرف بہت سی شارک مچھلیاں بھی انسانوں کو اپنا شکار بنانے کے لئے انہی پانیوں کا رخ کرتی ہیں۔

BdT Mond und Venus über Indien Kaschmir
تصویر: AP

جارج برگیس کا کہنا ہے کہ اس علاقے میں گزشتہ پانچ عشروں کے دوران شارک مچھلیوں نے سب سے زیادہ مرتبہ حملے نئے چاند اور پورے چاند کے دنوں میں کئے۔ ان کے بقول اگست کا مہینہ اور اتوار کے دن بھی ایسے بہت زیادہ حملے دیکھنے میں آئے، جس کا ایک بڑا سبب بظاہر مقامی ساحلی علاقے میں تب کافی زیادہ انسانی موجودگی بھی ہو سکتی ہے۔ اس تحقیق سے یہ پتہ بھی چلا ہے کہ سمندری لہروں پر سرفنگ کرنے والوں کے ہاتھ پاؤں کی تیز رفتار حرکت بھی شارک مچھلیوں کو ان کی طرف متوجہ کرنے کا کام کرتی ہے۔

امریکی ریاست فلوریڈا میں وولوسیا کاؤنٹی کے ساحلی علاقے کے دنیا بھر میں شارک مچھلیوں کے حملوں کا مرکزی مقام گردانا جاتا ہے۔ 1996ء تا 2008ء دنیا بھر میں پیش آنے والے شارک کے حملوں میں سے ہر پانچواں واقعہ یہیں پیش آیا تھا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ فلوریڈا میں شارک مچھلی کے نوے فیصد حملے جان لیوا نہیں ہوتے جبکہ کیلی فورنیا کے ساحلوں پر حملہ آور ہونے والی لگ بھگ بیس فٹ لمبی سفید شارک کے حملے اکثر زیادہ خطرناک ہوتے ہیں۔

رپورٹ: شادی خان سیف

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں