1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

نوبل انعام برائے اکنامکس تین امریکی ماہرینِ اقتصادیات کے نام

14 اکتوبر 2019

رواں برس کے تمام نوبل انعامات حاصل کرنے والوں کے ناموں کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ سات اکتوبر کو شروع ہونے والے سلسلے کی شروعات میڈیسن سے ہوئی اور اختتام اکنامکس کے پرائز پر ہوا۔

https://p.dw.com/p/3RFOd
Zeichnung Wirtschaftsnobelpreisträger 2019 | Abhijit Banerjee, Esther Duflo and Michael Kremer
تصویر: Nobel Media/Niklas Elmehed

پیر چودہ اکتوبر کو اقتصادیات کا نوبل انعام تین ماہرین کو يکساں طور پر دیا گیا ہے۔ ان میں ایک بھارتی نژاد امریکی ماہر ابھیجیت بینرجی، فرانسيسی امریکن خاتون ایستھر ڈوفلو اور امریکا کے مائیکل کریمر شامل ہیں۔ یہ معتبر پرائز ایک طرح سے تینوں امریکیوں نے حاصل کیا ہے۔

 

رائل سویڈش اکیڈیمی کے مطابق ان تینوں ماہرین اقتصادیات نے غریبی ختم کرنے کے سلسلے جو ریسرچ ورک مکمل کیا ہے، اُس کے اعتراف میں انہیں نوبل انعام سے نوازا گیا ہے۔ اس انعام کے ساتھ دی جانے والی نو لاکھ پندرہ ہزار امریکی ڈالر کی رقم، تینوں میں تقسیم کی جائے گی۔

Schweden |  Abhijit Banerjee, Esther Duflo und Michael Kremer ausgezeichnet mit Wirtschaftsnobelpreis
اقتصادیات کا نوبل انعام تین ماہرین ابھیجیت بینرجی، ایستھر ڈوفلو اور مائیکل کریمر کو دیا گیاتصویر: Getty Images/AFP/H. Nackstrand

ابھیجیت بینر جی

بھارتی شہر کولکٹہ میں سن 1961 میں پیدا ہونے والے امریکی اکانومسٹ میساچوسٹس انسٹیٹیوٹ برائے ٹیکنالوجی (MIT) میں فورڈ فاؤنڈیشن کے اقتصادیات کے پروفیسر ہیں۔ انہوں نے ایستھرو ڈوفلو کے ساتھ مل کر عبدالطیف جمیل پوورٹی لیب قائم کر رکھی ہے اور اس کا مقصد دنیا میں غربت کے خاتمے کے لیے عملی جد و جہد کی ترجیحات مرتب کرنا ہے۔ وہ امریکا کی ہارورڈ یونیورسٹی سے پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کر چکے ہیں۔

ایستھر ڈوفلو

چھیالیس سالہ ایستھر ڈوفلو فرانسیسی دارالحکومت پیرس میں سن 1972 میں پیدا ہوئیں تھیں۔ اُن کے والد ریاضی کے پروفیسر تھے۔ وہ عالمی تحقیقی مرکز عبدالطیف جمیل پوورٹی لیب کی شریک بانی ہیں۔ وہ میساچوسٹس انسٹیٹیوٹ برائے ٹیکنالوجی میں اسسٹنٹ پروفیسر ہیں۔ وہ عالمی سطح پر اقتصادیات کا ایک معتبر نام ہیں اور کئی اہم تحقیقی پروگراموں کا حصہ رہ چکی ہیں۔

Symbolbild Nobelpreis | Medaille mit dem Konterfei von Alfred Nobel
نوبل انعام کے ساتھ گولڈ میڈل، سرٹیفکیٹ اور نو لاکھ پندرہ ہزار ڈالر دیے جاتے ہیںتصویر: picture-alliance/dpa/K. Nietfeld

مائیکل کریمر

امریکی ماہر اقتصادیات مائیکل کریمر سن 1964 میں پیدا ہوئے تھے۔ وہ اس وقت ہارورڈ یونیورسٹی میں ترقیاتی معاشروں کے لیے وقف گیٹس پروفیسر ہیں۔ انہیں اس وقت دنیا کے معتبر ترین اقتصادی ماہرین میں سے ایک سمجھا جاتا ہے۔ ان کی ترقیاتی اکنامکس کے لیے ایک تھیوری  کریمو او رنگ بھی ہے۔ یہ ترقیاتی اقتصادیات سےتعلق رکھتی ہے۔

اکنامکس سائنسز کا نوبل انعام الفریڈ نوبل کی یاد میں سویڈن کے مرکزی بینک (Sveriges Riksbank) نے اپنے قیام کی تین سوویں سالگرہ کے موقع پر شروع کیا تھا۔ اس کے قیام کا اعلان سن 1968 میں کیا گیا اور پہلی مرتبہ اقتصادی سائنسز کا انعام ایک برس بعد ہی دے دیا گیا تھا۔ سویڈن کے مرکزی بینک کو دنیا کا قدیم ترین بینک خیال کیا جاتا ہے۔

اکنامکس کے پرائز کے اعلان کے ساتھ ہی رواں برس کے نوبل انعامات کا سلسلہ ختم ہو گیا ہے۔ یہ انعامات رواں برس دس دسمبر کو سویڈن اور ناروے کے مختلف مقامات پر منعقد ہونے والی تقریبات میں دیے جائیں گے۔

ع ح ⁄ ع س (ڈی پی اے)

سائنس کے شعبے میں خواتین کا تاریخی کردار