1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

نیا ریکارڈ: دنیا کے مہنگے ترین دفاعی فٹبالر اب ہیری میگوائر

6 اگست 2019

فٹبال کی دنیا میں کسی دفاعی کھلاڑی کے لیے ایک کلب کی طرف سے دوسرے کلب کو ادا کی جانے والی رقم کا ایک نیا عالمی ریکارڈ قائم ہو گیا ہے۔ برطانوی فٹبالر ہیری میگوائر کے لیے ادا کی گئی اس رقم کی مالیت 87.5 ملین یورو بنتی ہے۔

https://p.dw.com/p/3NPpl
Fußball WM 2018 Schweden - England
ہیری میگوائر، دائیں، انگلینڈ کی فٹبال ٹیم کے کھلاڑی کے طور پر اپنے ساتھی فٹبالر جان سٹونز کے ساتھتصویر: Reuters/C. G. Rawlins

ہیری میگوائر کا تعلق اب تک انگلش فٹبال کلب لیئسٹر سٹی سے تھا لیکن انگلینڈ ہی میں ریکارڈ حد تک فٹبال لیگ جیتنے والی ٹیم مانچسٹر یونائیٹڈ نے اب ان کی خدمات خرید لی ہیں۔ اس کے لیے مانچسٹر یونائیٹڈ نے لیئسٹر سٹی کو 87.5 ملین یورو ادا کیے ہیں، جو فٹبال کی تاریخ میں کسی بھی دفاعی کھلاڑی کے ایک کلب سے دوسرے کلب میں جانے کے لیے ادا کی گئی آج تک کی سب سے بڑی رقم ہے۔

اس سے قبل یہ ریکارڈ 2018ء میں ہالینڈ سے تعلق رکھنے والے دفاعی کھلاڑی ورجِل فان ڈائیک کی وجہ سے بنا تھا، جن کی خدمات حاصل کرنے کے لیے انگلش کلب ایف سی لیورپول نے انگلینڈ ہی کے ایک اور فٹبال کلب ایف سی ساؤتھیمپٹن کو 84.5 ملین یورو ادا کیے تھے۔

فٹبال کے کسی جرمن دفاعی کھلاڑی کے تبادلے کے لیے آج تک کسی کلب نے جو زیادہ سے زیادہ رقم ادا کی ہے، وہ 41 ملین یورو بنتی ہے۔ یہ رقم ریو ڈی جنیرو میں ہوئے مقابلوں میں فیفا ورلڈ کپ جیتنے والی جرمن قومی ٹیم کے ایک البانوی نژاد رکن اور معروف دفاعی کھلاڑی شکودران مصطفیٰ کے لیے 2016ء میں ایف سی آرسنل نے ایف سی ویلینسیا کو ادا کی تھی۔

Champions League FC Porto - Liverpool
لیورپول کے لیے کھیلنے والے ڈچ دفاعی کھلاڑی ورجِل فان دائیک جن کے لیے 84.5 ملین یورو ادا کیے گئے تھےتصویر: Reuters/Action Images/A. Boyers

فٹبال کے کھیل میں کلبوں کی سطح پر دفاعی کھلاڑیوں کے تبادلے کے لیے زیادہ سے زیادہ رقوم کی ادائیگی کے آج تک جو 10 بڑے ریکارڈ بنے ہیں، ان میں سے چار واقعات میں یہ رقوم انگلینڈ کے کھلاڑیوں کے لیے اور تین واقعات میں فرانسیسی کھلاڑیوں کے لیے ادا کی گئیں۔

ان دس مہنگے ترین دفاعی کھلاڑیوں کی فہرست میں برازیل کے ایک فٹبالر اور ہالینڈ کے کھلاڑیوں کے نام بھی آتے ہیں۔

ان دس دفاعی فٹبالروں کے لیے آج تک ادا کی جانے والی رقوم یہ ہیں: 1۔ ہیری میگوائر 87.5 ملین یورو، 2۔ ورجِل فان ڈائیک 84.5 ملین یورو، 3۔ لوکاس ہیرنانڈیس 80 ملین یورو، 4۔ ماتھائیس دے لیگٹ 75 ملین یورو، 5۔ ایمیریک لاپورٹ 65 ملین یورو، 6۔ بینجمن مینڈی 57.5 ملین یورو، 7۔ جان سٹونز 55.6 ملین یورو، 8۔ ایرن وان بساکا 55 ملین یورو، 9۔ کائل واکر 52.7 ملین یورو اور 10۔ ایڈر میلیٹاؤ 50 ملین یورو۔

م م / ع ت / ایس آئی ڈی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں