1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

نیو ٹاؤن اسکول شوٹنگ، ہلاک شدگان کی شناخت کردی گئی

16 دسمبر 2012

امریکی ریاست کنیٹیکٹ کے نیو ٹاؤن کے ایک ایلمنٹری اسکول میں فائرنگ کے واقعے میں ہلاک ہونے والوں بچوں کی شناخت کر دی گئی ہے جبکہ صدر باراک اوباما ہلاک شدگان کے خاندانوں سے تعزیت کے لیے نیوٹاؤن کا دورہ کر رہے ہیں۔

https://p.dw.com/p/173Ny
تصویر: dapd

کنیٹیکٹ کے طبی حکام نے بتایا ہے کہ شوٹنگ کے واقعے میں ہلاک ہونے والے تمام بچے فرسٹ گریڈ کے تھے اور ان کی عمریں چھ یا سات برس تھیں۔ ہلاک ہونے والے بچوں میں بارہ لڑکیاں جبکہ آٹھ لڑکے شامل ہیں۔ طبی حکام کے مطابق قریب تمام ہلاک شدگان ہی متعدد گولیاں لگنے سے ہلاک ہوئے، بعض بچوں کے جسم سے تین تا گیارہ گولیاں نکالی گئی ہیں۔

Amoklauf in Newtown, Connecticut
کنیکٹیکٹ پولیس حکام پریس بریفبگ کے دورانتصویر: dapd

مزید تحقیقات کے بعد پولیس نے بتایا ہے کہ جمعہ کے دن بیس سالہ حملہ آور ایڈم لانزا نے فوجی رائفل سے بلا اشتعال فائرنگ کرتے ہوئے بیس بچوں اور اسکول میں کام کرنے والی چھ خواتین کو ہلاک کر دیا تھا، ان خواتین کی عمریں ستائیس اور چھپن برس کے درمیان بتائی گئی ہیں۔ اسکول میں فائرنگ کے واقعہ سے قبل اپنے گھر میں اپنی والدہ کو جان سے مارنے والے حملہ آور نے بعد ازاں خود کو بھی ہلاک کر لیا تھا۔

نئے انکشافات

ابتدائی تحقیقات کے دوران معلوم ہوا تھا کہ ایڈﺍ لانزا نے فائرنگ کی یہ واردات دو پستولوں سے سر انجام دی تھی، جو فوجی رائفل کے ساتھ ہی جائے وقوعہ سے برآمد ہوئی تھیں۔ تاہم ہلاک شدگان کے پوسٹ مارٹم کے بعد واضح ہوا کہ اسکول میں ہلاک ہونے والوں کو پستولوں سے نشانہ نہیں بنایا گیا تھا۔

حکام نے بتایا ہے کہ ایڈم لانزا اور اس کے گھر میں ہلاک ہونے والی نینیسی لانزا نامی اس کی والدہ کی ہلاکت کی وجوہات جاننے کے لیے ابھی طبی معائنہ جاری ہے۔ ایسی اطلاعات بھی غلط ثابت ہو گئی ہیں کہ ایڈم لانزا کی والدہ اسی اسکول میں ٹیچر تھیں، جہاں شوٹنگ کا واقعہ پیش آیا تھا۔

امریکی ریاست کنیٹیکٹ کی پولیس کے مطابق ابھی اس بارے میں تفتیشی عمل جاری ہے کہ ایڈم لانزا کی اس بہیمانہ کارروائی کی پیچھے کیا محرکات کار فرما تھے۔ حکام نے یہ تصدیق بھی کی ہے کہ حملہ آور کو روکنے کی کوشش کی گئی تھی لیکن وہ اسکول میں زبردستی گھس گیا تھا۔

امریکی صدر باراک اوباما کا دورہ

US-Präsident Barack Obama Rede nach Amoklauf in Newtown
امریکی صدر باراک اوباماتصویر: Getty Images

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق امریکی صدر باراک اوباما سینڈی ہُک ایلمینٹری اسکول کے متاثرین سے تعزیت کے لیے آج بروز اتوار نیو ٹاؤن کا دورہ کر رہے ہیں۔ اس دوران وہ ایک بین المذاہب تقریب میں بھی شرکت کریں گے۔ وائٹ ہاؤس کے ترجمان جے کارنی کے مطابق صدر اوباما عالمی وقت کے مطابق صبح بارہ بجے اسی تقریب میں خطاب بھی کریں گے۔

اگرچہ ماضی میں بھی امریکا میں ایسے متعدد پر تشدد واقعات رونما ہو چکے ہیں تاہم نیوٹاؤن کے پرائمری اسکول میں رونما ہونے والے واقعے سے قبل کبھی بھی بچے اس طرح فائرنگ میں ہلاک نہیں ہوئے تھے۔ ناقدین کا خیال ہے کہ جب امریکی صدر باراک اوباما متاثرین سے خطاب کریں گے تو ممکنہ طور پر ’معنی خیز عمل‘ کے بارے میں بھی بات کریں گے۔ شوٹنگ کے اس واقعہ کے بعد صدر اوباما نے کہا تھا کہ اب گن کنٹرول کے لیے ’معنی خیز عمل‘ کا وقت آگیا ہے تاہم انہوں نے گن کنٹرول پر سخت قوانین کے بارے میں کوئی تبصرہ نہیں کیا تھا۔

نیوٹاؤن کے اس المناک واقعے کے بعد کئی ڈیموکریٹ سیاستدانوں نے امریکا میں گن کنٹرول پر سخت قوانین متعارف کروانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ تاہم یہ ایک ایسی تجویز ہے، جس پر ’پُرو۔گن لابی‘ کی طرف سے سخت مخالفت یقینی تصور کی جاتی ہے۔ یہ امر اہم ہے کہ یہ موضوع سیاسی حوالے سے بھی حساس تصور کیا جاتا ہے۔

(ab/ij (Reuters, AP,dpa