1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

نیو یارک میں فائرنگ، دو پولیس اہلکار ہلاک

عاطف بلوچ21 دسمبر 2014

نیو یارک سٹی میں ایک مسلح شخص نے فائرنگ کرتے ہوئے دو پولیس اہلکاروں کو ہلاک کر دیا جبکہ بعد ازاں اس نے خود کشی کر لی۔ گزشتہ تین برس بعد نیو یارک میں پہلی مرتبہ کسی پولیس اہلکار کو یوں ہلاک کرنے کا واقعہ رونما ہوا ہے۔

https://p.dw.com/p/1E8BR
تصویر: rtr

خبر رساں ادارے روئٹرز نے امریکی روزنامے نیو یارک ٹائمز کے حوالے سے بتایا ہے کہ ہفتے کے دن حملہ آور نے پولیس اہلکاروں کو بروکلین میں اس وقت نشانہ بنایا، جب وہ گشت کے دوران اپنی گاڑی میں بیٹھے ہوئے تھے۔ نیو یارک پولیس ڈیپارٹمنٹ کے نائب سربراہ کم روئسٹر کے مطابق ہلاک شدہ پولیس اہلکاروں کو بظاہر گولیاں ان کے جسم کے اوپری حصے پر لگی ہیں۔

نیو یارک ٹائمز نے روئسٹر کے حوالے مزید بتایا کہ فائرنگ کے بعد حملہ آور قریبی ٹرین اسٹیشن کی طرف فرار ہو گیا اور بعد ازاں اس نے اپنے سر میں گولی مار کر خود کشی کر لی۔ پولیس نے اس واقعے کے بارے میں زیادہ تفصیلات جاری نہیں کی ہیں لیکن یہ ضرور بتایا ہے کہ جب حملہ آور نے فائرنگ کی تو اس وقت پولیس اہلکار اس کے ساتھ کسی قسم کے رابطے میں نہیں تھے۔

Projekt Gutenberg im Cyberstorm: Pictureteaser BG New York
ایرک گارنر کے حق میں نیو یارک میں مظاہرے بھی ہوئے

دوسری طرف محکمہء پولیس کے ترجمان نے بتایا ہے کہ حملہ آور نے ہفتے کے دن ہی نہ صرف اپنی سابقہ گرل فرینڈ کو مبینہ طور پر گولی مار کر زخمی کر دیا تھا بلکہ اس نے اپنے انسٹا گرام کے اکاؤنٹ پر پولیس مخالفت پوسٹ بھی شائع کی تھی۔

روئٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان نے بتایا ہے کہ حملہ آور کی عمر اٹھائیس برس تھی اور اس کی لاش کو بروکلین ہسپتال سینٹر منتقل کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس سے ہتھیار بھی برآمد کر لیا گیا ہے، جس سے اس نے مشتبہ طور پر فائرنگ کی ہے۔

یہ امر اہم ہے کہ بروکلین کے علاقے میں ایک سفید فام پولیس اہلکار کے ہاتھوں نہتے سیاہ فام ایرک گارنر کی ہلاکت کے بعد بالخصوص نیو یارک شہر میں ایک غم و غصہ نمایاں ہے۔ وہاں صورتحال اس وقت مزید پرتناؤ ہو گئی تھی جب گرینڈ جیوری نے ایرک گارنر کو ہلاک کرنے کے واقعے پر پولیس اہلکار پر فرد جرم عائد نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ تاہم ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کا واقعہ موجودہ کشیدہ صورتحال کا نتیجہ ہے۔

ایک عینی شاہد نے امریکی نشریاتی ادارے سی این این کو بتایا ہے کہ جہاں پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کی گئی ہے، وہاں زیادہ تر سیاہ فام کمیونٹی ہی آباد ہے اور ایرک گارنر کے واقعے کے بعد وہاں صورتحال کشیدہ ہی ہے۔ ٹیلی وژن پر دکھائی گئی فوٹیج کے مطابق جہاں ہفتے کے دن فائرنگ ہوئی ہے، پولیس نے وہاں ناکہ بندی کر دی ہے۔ نیو یارک ٹائمز کے مطابق نیو یارک شہر میں آخری مرتبہ 2011ء میں پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کا واقعہ رونما ہوا تھا، جس میں ایک اہلکار مارا گیا تھا۔