1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

نیوزی لینڈ: ڈیڑھ سو کے قریب وہیل مچھلیاں ہلاک

26 نومبر 2018

نیوزی لینڈ میں آبی حیات کے تحفظ کے لیے کام کرنے والے محکمے نے بتایا ہے کہ ملک کے جنوبی حصے میں واقع ایک دور افتادہ ساحل پر پھنس جانے والی ایک سو پینتالیس پائلٹ وہیل مچھلیاں ہلاک ہو گئی ہیں۔

https://p.dw.com/p/38upk
Wale in Neuseeland gestrandet
تصویر: picture-alliance/AP Photo/Department of Conservation

نیوزی لینڈ کے سٹیوَرٹ جزیرے پر اتنی بڑی تعداد میں پائلٹ وہیل مچھلیوں کی ہلاکت کا علم ایک ہائیکر کو  ہفتہ چوبیس نومبر کو ہوا تھا۔ ہائیکر کے مطابق جب وہ وہاں پہنچا تو نصف سے زائد وہیل مچھلیاں پہلے ہی مر چکی تھیں۔

نیوزی لینڈ کے ڈیپارٹمنٹ آف کنزرویشن یا محمکہ برائے تحفظِ آبی حیات کے مینیجر رین لیپنس کا کہنا تھا کہ محکمے نے باقی ماندہ وہیل مچھلیوں کو سہل موت دینے کا فیصلہ کیا۔

وہیل مچھلیوں کا دور دراز ساحل پر پھنسنا اور آس پاس کے علاقوں میں اس شعبے سے متعلق افراد کا نہ ہونا ان مچھلیوں کو سمندر میں دوبارہ چھوڑنے میں بڑی رکاوٹ تھی۔

متعلقہ محکمے نے یہ تو نہیں بتایا کہ ان مچھلیوں کے اس ساحل پر پھنسنے کی وجہ کیا تھی تاہم اتنا کہا گیا کہ شدید موسم یا بیماری ممکنہ وجوہات ہو سکتی ہیں۔

اسی طرح کے ایک الگ واقعے میں چھوٹی جسامت والی دس شکاری وہیل مچھلیاں ملک کے شمالی علاقے میں ایک ساحل پر بھی پھنسی ہوئی پائی گئی تھیں۔ امدادی کارکن ان میں سے دو مچھلیوں کو بچانے میں ناکام رہے لیکن اُن کا کہنا تھا کہ انہیں توقع ہے کہ وہ باقی آٹھ کو منگل کے روز واپس سمندر میں روانہ کر سکیں گے۔

نیوزی لینڈ کے محکمہ تحفظ آب حیات کا کہنا ہے کہ اس برس وہیل مچھلیوں کے ساحلوں پر آ کر پھنس جانے کے 85 واقعات رونما ہوئے ہیں۔ ان واقعات میں زیادہ تر مچھلیاں لہروں کے ساتھ گروپ کے بجائے ساحلوں پر الگ الگ پہنچیں تھیں۔ سن 2017 میں اسی طرح ساحلوں پر پھنس کر ہلاک ہونے والی پائلٹ وہیل مچھلیوں کی تعداد تقریبا تین سو تھی۔

ص ح / ا ا / نیوز ایجنسی