1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ورلڈ کپ: بھارت گروپ اے میں نمبر ون

7 مارچ 2011

ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے سلسلے میں اتوار کو کھیلے گئے میچز میں بھارت نے آئرلینڈ کو جبکہ انگلینڈ نے جنوبی افریقہ کو شکست دی۔ اس جیت کے بعد بھارتی ٹیم گروپ بی میں تین میچز کھیل کر پانچ پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست آگئی ہے۔

https://p.dw.com/p/10UO5
تصویر: AP

بھارتی آل راؤنڈر یوو راج سنگھ اور انگلش گیند باز سٹیورٹ براڈ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی اپنی ٹیموں کی جیت میں اہم کردار نبھایا ہے۔

بھارتی آل راؤنڈر یوو راج سنگھ نے آئرلینڈ کے ساتھ کھیلے گئے دلچسپ میچ میں نصف سنچری سکور کی اور پانچ وکٹیں بھی لیں۔ اس میچ کا ٹاس بھارتی قائد مہندرا سنگھ دھونی نے جیت کا پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

بنگلور کے چناسوامی سٹیڈیم میں پہلے بلے بازی کرتے ہوئے آئرلینڈ کی ٹیم مجموعی طور پر متاثر کن کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکی۔ ان کے دو بیٹسمین البتہ قدرے پر اعتماد انداز میں کھیلے۔ اوپنر ولیم فورٹ فیلڈ نے 104 گیندوں کا مقابلہ کرکے 75 رنز جوڑے جن میں ایک چھکا اور چھ چوکے شامل تھے۔ ان کے علاوہ نیال او برائن 46 رنزبنا کر رن آؤٹ ہوگئے۔ آئرش ٹیم 47.5 اوورز میں 207 کے معمولی مجموعے پر ڈھیر ہوگئی۔

Flash-Galerie Yuvraj Singh
یوو راج سنگھ دلکش انداز میں آن سائڈ کی جانب کھیلتے ہوئےتصویر: AP

یہ ہدف بظاہر بھارت کی مضبوط بیٹنگ لائن کے سامنے انتہائی معمولی دکھائی دے رہا تھا۔ تاہم آئرش ٹیم نے بھارتی کھلاڑیوں کو کھل کر رنز بنانے کے آسان موقع نہیں دیے۔ بھارتی ٹیم نے یہ ہدف حاصل کرنے میں 46 اوورز صرف کیے اور پانچ وکٹیں گنوائیں۔ یووراج سنگھ 75 گیندوں پر 50 رنز بناکر نمایاں رہے۔

گروپ بی کے سلسلے میں کھیلے گئے دوسرے میچ میں انگلینڈ کی ٹیم نے جنوبی افریقہ کو ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد 172 رنز کا معمولی ہدف حاصل کرنے بھی نہ دیا۔ آئرلینڈ سے شکست کھانے کے بعد بظاہر دباؤ میں گھِری انگلش ٹیم سے ایسی کارکردگی کی توقع نہیں کی جارہی تھی۔

چنئی کے ایم اے چدم برام سٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ کا ٹاس انگلش کپتان اینڈریوسٹراؤس نے جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا۔ ان کی ٹیم کھیل کے افتتاحی لمحات ہی میں دباؤ میں آگئی جب دونوں افتتاحی بلے باز سٹراؤس اور کیون پیٹرسن پہلے ہی اوور میں پویلین لوٹ گئے۔ دونوں رابن پیٹرسن کا نشانہ بنے۔ پیٹرسن نے پانچویں اوور میں این بیل کو بھی 15 رنز کے مجموعی سکور پر آؤٹ کرکے انگلش ٹیم کے لیے خطرے کی گھنٹیاں بجادیں۔

Flash-Galerie Kricket Weltmeisterschaft Südafrika England 6.3.2011 Chennai, Indien
انگلش ٹیم جیت کے بعدتصویر: AP

اس دوران جوناتھن ٹروٹ اور روی بوپارا نے ننانوے رنز کی انتہائی اہم شراکت قائم کی۔ دونوں نے اپنی اپنی نصف سینچریاں مکمل کیں اور مجوعی سکور انتیس اوورز میں 114 تک لے جانے میں کامیاب رہے۔ ان کے بعد کوئی اچھی پارٹنرشپ نہ بن سکی اور انگلینڈ کی پوری ٹیم 171 کے معمولی سکور پر آؤٹ ہوگئی۔ اس کے بعد جب جنوبی افریقہ نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو افتتاحی بلے بازوں گراہم سمتھ اور ہاشم آملہ نے نصف سنچری کی شراکت قائم کرکے انگلش ٹیم کو مزید پریشان کردیا۔

15ویں اوور میں سمتھ بائیس اور 18ویں اوور میں آملہ بیالیس رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ ان دونوں کے بعد کوئی اچھی پارٹنر شپ نہ بن سکی۔ کیلس پندرہ ، ڈی ویلیئرز پچیس اور ڈیل سٹین بیس رنز ہی بناسکے۔ انگلینڈ کے گیند بازوں نے 48 ویں اوور میں 165 کے سکور پر جنوبی افریقہ کے تمام کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھا کر میچ اپنے نام کرلیا۔ سٹیورٹ بروڈ نے چار وکٹیں حاصل کیں۔

رپورٹ شادی خان سیف

ادارت عاطف بلوچ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں