1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ولیم اور کیٹ کی شادی: ناظرین کی ممکنہ تعداد دو بلین

20 اپریل 2011

انتیس اپریل کو جب برطانوی ولی عہد شہزادہ چارلس کے بیٹے شہزادہ ولیم اپنی گرل فرینڈ کیٹ مڈلٹن سے شادی کریں گے تو نصف سے زائد برطانوی باشندے ٹیلی وژن پر یہ تقریب براہ راست دیکھیں گے۔

https://p.dw.com/p/10wzC
شہزادہ ولیم اپنی گرل فرینڈ کیٹ مڈلٹن کے ساتھتصویر: picture alliance/empics

خبر ایجنسی روئٹرز کے ایک سروے کے مطابق برطانوی شاہی خاندان کے ایک ہر دلعزیز رکن کے طور پر شہزادہ ولیم کی شادی اس سال کا ایک اہم واقعہ ہو گی۔ یہی تقریب دنیا بھر میں ٹیلی وژن پر سب سے زیادہ دیکھا جانے والا واقعہ بھی ہو گی۔ لندن سے ملنے والی رپورٹوں کے مطابق اندازہ ہے کہ اس شادی کی شاندار تقریب کو مختلف ملکوں میں مجموعی طور پر قریب دو بلین انسان لائیو دیکھیں گے۔ شہزادہ ولیم کی Kate Middleton کے ساتھ شادی کی یہ تقریب برطانوی شاہی خاندان کے ٹی وی چینل کے ذریعے انٹرنیٹ پر لائیو دکھائی جائے گی۔ اس طرح یہ پہلا موقع ہو گا کہ برٹش رائل فیملی کے کسی فرد کی شادی کی تقریب کی کوریج اس طرح کی جائے گی۔

Prinz William und Kate Middleton
تصویر: AP

خبر ایجنسی روئٹرز کے سروے کے مطابق 56 فیصد برطانوی شہریوں نے کہا کہ وہ لازمی طور پر دیکھیں گے کہ تاج برطانیہ کے حقداروں کے طور پر دوسرے نمبر پر آنے والی شخصیت کی شادی کس طرح اپنی تکمیل کو پہنچتی ہے۔ تقریباً ایک چوتھائی جواب دہندگان کا کہنا تھا کہ وہ ٹیلی وژن یا انٹرنیٹ پر یہ تقریب یقینی طور پر نہیں دیکھیں گے۔

برطانیہ میں 29 اپریل جمعہ کا دن اس شادی کی وجہ سے عام چھٹی قرار دیا جا چکا ہے۔ توقع ہے کہ اس روز ہزار ہا برطانوی شہری یا تو مختلف بارز اور پبلک پارکوں میں لگائی گئی بڑی بڑی اسکرینوں پر یہ تقریب دیکھیں گے یا پھر وہ لندن میں بکنگھم پیلیس اور ویسٹ منسٹر ایبے کے درمیانی راستے پر سڑک کے دونوں طرف کھڑے ہوں گے تاکہ دلہا اور دلہن کو وہاں سے گزرتے ہوئے دیکھ سکیں۔

Großbritannien Wahlen David Cameron Konservative
برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرونتصویر: AP

اس عوامی سروے سے یہ بات بھی سامنے آئی کہ برطانیہ میں تین چوتھائی باشندے شاہی خاندان کے بارے میں بڑی دلچسپی کا اظہار کرتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ برطانیہ مستقبل میں بھی ایک سلطنت ہی رہے۔ اس کے برعکس 18 فیصد برطانوی شہریوں کو شاہی خاندان یا اس کے ارکان میں کوئی دلچسپی نہیں ہے۔ وہ چاہتے ہیں کہ برطانیہ کو بادشاہت کی بجائے ایک جمہوریہ بنا دینا چاہیے۔ برطانیہ میں موجودہ ملکہ الزابیتھ کو ملکہ بنے ساٹھ سال ہو چکے ہیں۔ اب تک ولی عہد کے منصب پر ملکہ الزابیتھ کے سب سے بڑے بیٹے اور شہزادہ ولیم کے والد شہزادہ چارلس فائز ہیں۔ لیکن برطانیہ میں بہت سے شہریوں کی خواہش یہ بھی ہے کہ مستقبل میں تخت نشینی کے حوالے سے شہزادہ چارلس کو اپنے بیٹے شہزادہ ولیم کے حق میں دستبردار ہو جانا چاہیے۔شہزادہ ولیم کی عمر اس وقت 28 برس اور کیٹ مڈلٹن کی عمر 29 برس ہے۔ ان دونوں کی شادی اور مستقبل کی اولاد کے بارے میں وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون نے کہا ہے کہ اگر ان کے ہاں پہلا بچہ ایک بیٹی ہوئی تو شہزادہ ولیم کے بعد اس بچی کو برطانیہ کی ملکہ بننے کا پورا حق حاصل ہو گا۔

رپورٹ:عصمت جبیں

ادارت: امتیاز احمد

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں