1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ومبلڈن: راجر فیڈرر چوتھے راؤنڈ میں

رپورٹ: شامل شمس ، ادارت: افسر اعوان27 جون 2009

سوئیس ٹینس کھلاڑی راجر فیڈرر جرمنی کے فلپ کوہلشرائبر کو ایک سخت مقابلے میں شکست دے کر ومبلڈن کے چوتھے راؤنڈ میں پہنچ گئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/Ic9a
فیڈرر کے لیے یہ ایک مشکل میچ ثابت ہواتصویر: AP
Serena Williams Australia Open Gewinnerin Einzel Frauen
امریکی کھلاڑی سیرینا ولیمز بھی چوتھے راؤنڈ تک پہنچ گئی ہیںتصویر: AP

راجر فیڈرر نے ستائسیوں رینک کے جرمن کھلاڑی کو چار سیٹس میں چھ تین، چھ دو، چھ سات اور چھ ایک سے شکست دی۔ ڈھائی گھنٹے تک جاری رہنے والا یہ میچ ٹورنامنٹ میں فیڈرر کے لیے اب تک کا مشکل ترین میچ تھا۔

راجرر فیڈرر نے پہلے دو سیٹس میں عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا تاہم وہ تیسرے سیٹس میں اپنا ردھم برقرار نہیں رکھ پائے۔ چوتھے سیٹ میں انہوں نے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور میچ میں فتح حاصل کی۔ فیڈرر نے اس میچ میں اپنی کارکردگی کو ٹورنامنٹ میں اپنی بہترین کارکردگی قرار دیا ہے۔

پانچ مرتبہ ومبلڈن جیتنے والے عالمی نمبر دو راجر فیڈرر اس برس ومبلڈن جیت کر اپنا چھٹا ومبلڈن اور پندرہواں گرینڈ سلَیم جیتنے کی خواہش رکھتے ہیں۔ اگر وہ یہ گرینڈ سلیم جیت جاتے ہیں تو وہ امریکی کھلاڑی پیٹ سمپراس کا ریکارڈ توڑنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔

راجرر فیڈرر کا مقابلہ اب چوتھے راؤنڈ میں رابن سوڈرلنگ سے ہوگا۔ رابن سوڈرلنگ اور فیڈرر حال ہی میں فرنچ اوپن کے فائنل میں بھی مدِ مقابل تھے جسے فیڈرر نے با آسانی جیت لیا تھا۔

واضح رہے کہ دفاعی چیمپیئن اور عالمی نمبر ایک ہسپانوی کھلاڑی رافائل نادال گھٹنے کی چوٹ کی وجہ سے یہ ٹورنامنٹ نہیں کھیل رہے۔

خواتین کے مقابلے میں سیرینا ولیمز چوتھے راؤنڈ میں پیش قدمی کرچکی ہیں۔