1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ویزے کے لیے اپلائی کرنے کا طریقہ

امتیاز احمد1 مئی 2013

اگر آپ کو مطلوبہ یونیورسٹی یا ادارے سے ایڈمشن لیٹر مل جاتا ہے تو پاکستان سے جرمنی آنے کے لیے آپ کو ویزہ اپلائی کرنا ہوگا۔ آپ کو جلد از جلد یہ معلوم کرنا ہو گا کہ آپ کو کس قسم کے ویزے کے لیے اپلائی کرنا ہے۔

https://p.dw.com/p/18QAi
تصویر: picture-alliance/dpa

میں اپنا ویزا کہاں سے حاصل کر سکتا ہوں؟

جرمنی میں داخل ہونے سے پہلے آپ کو پاکستان میں واقع جرمن سفارتخانے یا قونصلیٹ میں ویزا حاصل کرنے کے لیے درخواست دینا ہو گی۔ پاکستان میں جرمن سفارتخانہ اسلام آباد میں واقع ہے جبکہ قونصلیٹ جنرل کا آفس کراچی میں ہے۔ آپ مزید معلومات کے لیے جرمن سفارتخانے کی ویب سائٹ بھی وزٹ کر سکتے ہیں۔ پاکستان میں جرمن سفارتخانے کی ویب سائٹ وزٹ کرنے کے لیے یہاں کلک کریں۔

اہم نوٹ: ایک ویزا اپلیکیشن پر کارروائی میں کئی ہفتے یا بعض اوقات کئی ماہ بھی لگ سکتے ہیں۔

ویزے کے لیے کن دستاویزات کی ضرورت ہو گی؟

اس سلسلے سب سے بہتر تو یہ ہے کہ آپ پاکستان میں جرمن سفارتخانے یا پھر قونصلیٹ سے معلومات حاصل کریں تاہم عام طور پر آپ کو مکمل طور پر پُر شدہ ویزہ فارم کے ساتھ مندرجہ ذیل دستاویزات کی ضرورت ہوتی ہے:

1 ہیلتھ انشورنس کا ثبوت

2 مالی وسائل کا ثبوت (تفصیل نیچے ملاحظہ کریں)

3 سابقہ تعلیمی سرٹیفکیٹ

4 جرمن / انگلش زبان کا سرٹیفکیٹ

5 یونیورسٹی کا ایڈمشن لیٹر

6 کوائف نامہ A curriculum vitae (CV)

مالی وسائل کا ثبوت

مالی وسائل کے ثبوت کے ذریعے آپ اس بات کی تصدیق کرتے ہیں کہ آپ جرمنی میں رہتے ہوئے اپنے تعلیمی اخراجات خود برداشت کر سکتے ہیں۔ اس مقصد کے لیے آپ کو سالانہ آٹھ ہزار یورو (ماہانہ تقریباً 660 یورو) کے اثاثے ظاہر کرنا ہوتے ہیں۔ بہتر یہ ہے کہ آپ اسلام آباد میں جرمن سفارتخانے سے پوچھ لیں کہ آپ کو کس صورت میں مالی وسائل کے ثبوت فراہم کرنا ہوں گے۔ اصولاً آپ یہ ثبوت کئی طریقوں سے مہیا کر سکتے ہیں۔

1 والدین کی آمدنی اور اثاثہ جات کے ثبوت

2 ایک تسلیم شدہ اسکالر شپ فاؤنڈیشن کی جانب سے اسکالر شپ ملنے کا ثبوت

3 ایک اکاؤنٹ میں آٹھ ہزار یورو کی رقم کی صورت میں

4 بینک گارنٹی

5 جرمنی کا کوئی رہائشی یا آپ کا رشتہ دار آپ کے اخراجات اٹھانے پر رضامندی ظاہر کر دے

ویزہ فارم آپ جرمن سفارتخانے کی ویب سائٹ سے ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں۔ ویزہ فارم تک رسائی حاصل کرنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ عمومی طور پر ایک اسٹوڈنٹ کو پاکستان سے تین ماہ کے لیے ویزہ جاری کیا جاتا ہے، جسے جرمنی پہنچنے پر آپ کو ایکسٹینڈ (توسیع) کروانا ہونا ہوتا ہے۔