1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ٹائمز سکوائر کا ناکام بم حملہ اور نئی گرفتاریاں

9 ستمبر 2010

نیو یارک کے ٹائمز سکوائر ناکام کار بم حملے کے سلسلے میں پاکستان میں جاری تحقیقات کے نتیجےمیں تین مشتبہ افراد کی گرفتاری اور ان کو عدالت میں پیش کرنے پر امریکہ نے خوشی کا اظہار کیا ہے۔

https://p.dw.com/p/P7LS
نیو یارک کا ٹائمز سکوائر اور مشتبہ کارتصویر: AP

پاکستانی حکام کے مطابق انسداد دہشت گردی قانون کے تحت ان افراد پر جلد ہی فرد جرم عائد کر دی جائے گی۔ حکومتی حکام کے مطابق ان مشتبہ افراد کو جولائی میں گرفتار کیا گیا تھا تاہم اب تک اس بارے میں کوئی اعلان نہیں کیا گیا تھا۔ بتایا گیا ہے کہ ان افراد پر الزامات عائد کئے گئے ہیں کہ انہوں نے ٹائم سکوائر ناکام کار بم حملے کے سلسلے میں فیصل شہزاد کو نہ صرف رقم مہیا کی تھی بلکہ پاکستان میں فیصل شہزاد اورطالبان باغیوں کے مابین ملاقات میں بھی معاونت کی تھی۔

اسلام آباد محکمہ پولیس کے نائب سربراہ بن یامین نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا، ’’ ان افراد نے اقبال جرم کر لیا ہے کہ انہوں نے فیصل شہزاد کو مالی امداد فراہم کرنے کے علاوہ دیگر سہولتیں بھی دیں تھیں۔‘‘ بن یامین کے مطابق ان افراد کومنگل کو عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں عدالت نے ان افراد کا چودہ روزہ ریمانڈ منظور کرلیا۔

Times Square Autobombe Anschlag
ٹائمز سکوائر میں کھڑی پولیستصویر: AP

نیویارک کے ناکام کار بم حملے کے مرکزی کردار فیصل شہزاد نے بھی امریکی وفاقی عدالت میں اقبال جرم کر لیا ہے اوراس مناسبت سے امریکہ میں عدالتی کارروائی کے ساتھ ساتھ تفتیشی عمل بھی جاری ہے۔

ٹائم سکوائر ناکام حملے کی تحقیقات کی سلسلے میں پاکستان میں ہونے والی گرفتاریوں پر امریکہ نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس کیس کے حوالے سے پاکستانی سکیورٹی حکام کے ساتھ منظم طریقے سے کام کر رہے ہیں۔

اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کے ترجمان پی جے کراؤلی نے کہا،’’ اس حوالے سے تحقیقات جاری ہیں تاہم ہم اس بات پر خوش ہیں کہ اس ضمن میں پاکستان میں گرفتاریاں عمل میں آئی ہیں۔‘‘ انہوں نے تاہم کہا کہ ان مشتبہ افراد کے مستقبل کا فیصلہ پاکستانی عدالتوں میں ہی ہوگا۔

پاکستانی سکیورٹی حکام کے مطابق گرفتار کئے گئے افراد کا تعلق تحریک طالبان پاکستان سے ہے۔ گرفتار شدگان کی شناخت شعیب مغل،شاہد حسین اور حنبل اختر کے نام سے کی گئی ہے۔ پولیس کے مطابق ان سے ٹائم سکوائر کے نقشے بھی برآمد ہوئے ہیں۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: عابد حسین

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں