1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’ٹرمپ ایران کے ساتھ مذاکرات پر تیار‘

21 مئی 2019

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اگر ایران قدم بڑھاتا ہے تو واشنگٹن کی طرف سے ’یقینی طور پر جواب‘ دیا جائے گا۔ ٹرمپ کے اس تازہ بیان سے واضح ہوتا ہے کہ وہ مشرق وسطیٰ میں پائی جانے والی کشیدگی کو کم کرنے کے لیے تیار ہیں۔

https://p.dw.com/p/3Io9f
USA Washington Donald Trump
تصویر: picture-alliance/AP Photo/S. Walsh

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مشرق وسطیٰ میں پائی جانے والی تازہ کشیدگی کو کم کرنے کی کوشش کرتے ہوئے نیا بیان دیا کہ وہ ایران کے ساتھ مذاکرات کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ایران کوئی قدم بڑھائے گا تو امریکا کی طرف سے مثبت جواب دیا جائے گا۔ تاہم ایرانی صدر حسن روحانی کے مطابق فی الحال وقت مناسب نہیں کہ امریکا کے ساتھ مذاکرات کیے جائیں۔

امریکی صدر نے پیر کے دن عہد ظاہر کیا کہ ایران کی طرف سے لاحق ممکنہ خطرات کا بھرپور طریقے سے جواب دیا جائے گا تاہم ساتھ ہی انہوں نے یہ امید بھی ظاہر کی کہ کوئی مسلح تنازعہ شروع  نہیں ہو گا۔ قبل ازیں ٹرمپ نے خبردار کیا تھا کہ اگر ایران نے جنگ شروع کی تو ’ایران کا سرکاری طور پر خاتمہ کر دیا جائے گا‘۔ ان کے اس بیان سے ایک مسلح تنازعہ کا خدشہ بڑھ گیا تھا تاہم پیر کو انہوں نے عندیہ دیا کہ ایران مذاکرات میں پہل کرے گا تو امریکا بھی قدم بڑھا دے گا۔

اس پیشرفت پر ایرانی صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ وہ تنازعات کے خاتمے کی خاطر مذاکرات پر یقین رکھتے ہیں لیکن فی الحال امریکا کے ساتھ بات چیت کے لیے ابھی حالات سازگار نہیں ہیں۔ ایرانی نیوز ایجسنی ارنا نے روحانی کے حوالے سے بتایا، ’’آج حالات سازگار نہیں کہ مذاکرات کیے جائیں اور ہمارا انتخاب ہے کہ مزاحمت دکھائی جائے‘‘۔

یہ امر اہم ہے کہ حالیہ دنوں میں امریکا نے مشرق وسطیٰ میں اپنی عسکری موجودگی بڑھا دی ہے۔ واشنگٹن کے مطابق خطے میں ایران کی طرف سے لاحق ممکنہ خطرات کے باعث یہ قدم اٹھایا گیا ہے۔ دوسری طرف سعودی عرب نے ایران پر الزام عائد کر دیا ہے کہ وہ سعودی سرزمین پر ہوئے ایک مبینہ ڈرون حملے میں ملوث ہے۔ ریاض حکومت کے مطابق اس حملے میں سعودی عرب میں خام تیل کی پائپ لائنوں اور آئل ٹینکروں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی تھی۔

ع ب / ع ا / خبر رساں ادارے

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں