1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ٹرمپ نے نسلی امتیاز کے خلاف مظاہرین کو 'فاشسٹ' قرار دے دیا

4 جولائی 2020

صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکا میں نسل پرستی کے خلاف مظاہرین کو فسادیوں سے تشبیہ دی۔ انہوں نے سیاہ فام غلاموں کی خرید و فروخت کے لیے مشہور سابق امریکی صدور کے مجسمے گرانے اور انہیں نقصان پہنچانے کے واقعات کی سخت مذمت کی۔

https://p.dw.com/p/3emKR
South Dakota, Keystone I Donald Trump am Mount Rushmore National Memorial
تصویر: Getty Images/AFP/S. Loeb

امریکی یوم آزادی سے ایک دن پہلے جمعے کو اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ "ہماری تاریخ کو مٹانے، ہمارے ہیروز کو بدنام کرنے، ہماری اقدار مٹانے اور ہمارے بچوں کو گمراہ کرنے کے لیے" باقاعدہ ایک مہم چلائی جا رہی ہے، جسے کسی طور کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔"

انہوں نے کہا ، "ہمیں خاموش نہیں کیا جا سکتا۔"

امریکی صدر نے اس خطاب کے لیے ریاست ساؤتھ ڈیکوٹا میں ماؤنٹ راشمور کا انتخاب کیا۔ اس سیاحتی مقام کے پہاڑ میں چار سابق امریکی صدور کے چہرے نقش کیے گئے ہیں۔

اس یادگاری مقام کو لوگ دور دور سے دیکھنے آتے ہیں۔ ان میں سے دو صدور، جارج واشنگٹن اور تھامس جیفرسن کو امریکی تاریخ میں بابائے قوم کی حیثیت حاصل ہے لیکن دنوں سیاہ فام غلاموں کی تجارت کے لیے جانے جاتے ہیں۔

ماؤنٹ راشمور کا مقام وہاں کے مقامی قبائل کا علاقہ تھا جسے انیسویں صدی کے دوران امریکی حکومت نے اپنے کنٹرول میں لے لیا تھا۔

USA Keystone I Donald Trump am Mount Rushmore National Memorial
تصویر: Reuters/T. Brenner

صحت کے ماہرین کی وارننگ کے باوجود حکام نے اس جلسے کے لیے صدر ٹرمپ کے حمایتیوں پر مشعمل کوئی ساڑھے سات ہزار لوگ اکھٹے کیے، جن کے لیے نہ سماجی فاصلے کی ہدایات پر عمل کرنا ضروری قرار دیا گیا تھا نہ ماسک پہننا۔

امریکا میں صدر ٹرمپ پر کورونا وبا سے نمٹنے میں ناکامی پر مسلسل تنقید ہوتی رہی ہے اور کوئی ایک لاکھ تیس ہزار امریکی اپنی جانیں گنوا چکے ہیں۔ جمعے کو امریکا میں کورونا کے اب تک کے سب سے زیادہ نئے کیسز ریکارڈ کیے گئے، جس کے بعد وہاں وائرس سے متاثرہ لوگوں کی تعداد پچیس لاکھ ہو چکی ہے۔ لیکن اپنے خطاب میں صدر ٹرمپ نے اس بحرانی صورت حال کا کوئی خاص ذکر نہیں کیا۔

اس موقع پر آتش بازی کا زبردست مظاہرہ بھی کیا گیا۔ صدر ٹرمپ نے پہاڑ پر نقش شدہ سابق امریکی صدور کے بارے میں کہا کہ، "ساؤتھ ڈکوٹا کا یہ تاریخی مقام ہمارے آباؤ اجداد اور ہماری آزادی کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے ہمیشہ قائم و دائم رہے گا۔"

انہوں نے اپنے پرجوش حمایتیوں کو یقین دلایا کہ، "اس یادگار کی کبھی بھی بےحرمتی کی اجازت نہیں دی جائے گی، ہمارے ان ہیروز کو کبھی بدنام نہیں کرنے دیا جائے گا۔"

اپنی تقریر میں ڈونلڈ ٹرمپ نے خبردار کیا کہ جو کوئی بھی امریکا کے 'قومی ورثے' کو نشانہ بنائے گا قانون اس سے سختی سے نمٹے گا۔  امریکی صدر کے ایک تازہ حکم نامے کے تحت قومی رہنماؤں کے مجسموں کو پامال کرنے والوں کو 10 سال قید کی سزا دی جا سکتی ہے۔

USA Keystone I Donald Trump am Mount Rushmore National Memorial
تصویر: Getty Images/AFP/S. Loeb

 

ش ج، ع ح (اے پی، اے ایف پی)