1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ٹوکیو اولمپک کھیل منسوخ ہو نے کا خدشہ

15 اپریل 2021

جاپان میں حکمراں جماعت کے ایک سرکردہ رہنما نے کہا ہے کہ اس برس کے ٹوکیو اولمپک کھیل منسوخ بھی ہو سکتے ہیں۔

https://p.dw.com/p/3s2W8
Japan Toshihiro Nikai
تصویر: Reuters

جاپان کی حکمراں جماعت 'لبرل ڈیموکریٹک پارٹی' کے ایک سرکردہ رہنما توشی ہیرو نکائی نے 15 اپریل جمعرات کے روز کہا ہے کہ اگر کورونا وائرس کے انفیکشن کی شرح میں یونہی اضافہ جاری رہا تو اس برس کے اولمپک کھیلوں کو منسوخ کرنا بھی ایک متبادل ہو سکتا ہے۔

جاپانی خبر رساں ادارے کیوڈو کے مطابق جاپان کی حکمراں جماعت لبرل ڈیمو کریٹک پارٹی کے ایک طویل عرصے سے سکریٹری جنرل کے عہدے پر فائز ہیرونکائی نے ایک ٹیلی ویژن انٹرویو کے دوران کہا کہ اگر، ''یہ کہا گیا کہ یہ نا ممکن ہیں تو پھر ہمیں اسے ترک کرنا ہی پڑیگا۔'' 

یہ پہلا موقع ہے کہ حکومت سے وابستہ کسی سینیئر شخصیت نے کھل کر یہ بات آن ریکارڈ کہی ہو کہ اگر جاپان میں عالمی وبا کا اثر تیز تر ہوتا گیا تو  ٹوکیو اولمپک کھیلوں کا انعقاد نہیں ہو سکے گا۔

جاپان کی سیاست میں توشی ہیرو نکائی ایسے رہنما ہیں جنہیں سیاسی جوڑ توڑ کے لیے بہت اہم مانا جاتا ہے اور ان کے اس بیان سے ایسے شکوک و شبہات کو مزید ہوا ملے گی کہ آیا اس برس بھی ٹوکیو اولمپک ہو پائیں گے کہ نہیں جو گزشتہ برس بھی اسی وبا کی وجہ سے موخر کر دیے گئے تھے۔  

Japan Start olympischer Fackellauf
تصویر: Philip Fong/AP Photo/picture alliance

ان کے اس بیان کے 24 گھنٹے پہلے ہی انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی (ائی او سی) کے نائب صدر جان کوٹیز نے صحافیوں سے بات چیت میں کہا تھا کہ کھیلوں کی منسوخی کے حوالے سے قطعا ًکوئی غور و خوض نہیں کیا جا رہا ہے۔ بدھ کے روز انہوں نے کہا تھا، ''بالآخر تاریکی کے اختتام پر ٹوکیو اولمپک ہو کر رہیں گے۔''

تاہم اس کے باوجود بدھ کے روز ہی انفیکشن کے بڑھتے خطرات کے پیش نظر ٹوکیو اولمپک کی دوسرے مرحلے کی ٹارچ ریلے کو روک دیا گیا۔ جمعرات سے پہلے تک جاپانی حکام کی جانب سے ایسی تمام طرح کی باتوں کو پوری طرح سے مسترد کیا جا تا رہا ہے کہ ٹوکیو اولمپک شاید نہ ہو پائیں۔

جاپان نے بیرونی شائقین کی آمد اور کھیلوں کی ٹیسٹ تقریبات پر بھی فی الوقت روک لگا دی ہے تاہم اس کے باوجود ان کااس بات پراصرار  رہا ہے کہ ایک برس کی تاخیر کے بعد کھیل مقرر تاریخ 23 جولائی سے شروع کیے جا سکیں گے۔ 

دریں اثنا ملک میں کورونا وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے سوشل ڈسٹینسنگ اور ٹیسٹنگ کا عمل تیز تر کر دیا گیا ہے۔ 

اولمپک کھیل گزشتہ برس ہونے تھے تاہم عالمی سطح پر وبا پھیلنے کی وجہ سے انہیں اس سال کے لیے موخر کر دیا گیا تھا۔آخری بار اولمپک سن 2016 میں برازیل کے شہر ریو ڈی جینیرو  میں ہوئے تھے۔

ص ز/ ج ا  (روئٹرز)