1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان سیریز اپنے نام کرنے میں ناکام

3 جون 2018

انگینڈ کی کرکٹ ٹیم نے پاکستانی ٹیم کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں ایک اننگز اور 55 رنز سے ہرا دیا ہے۔ اس طرح دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز ایک ایک میچ سے برابر ہو گئی ہے۔

https://p.dw.com/p/2ysGz
Symbolbild Cricket Ball Schläger und Handschuh
تصویر: Fotolia/S.White

انگلینڈ کے شہر لیڈز کے ہیڈنگلے کرکٹ گراؤنڈ پر کھیلے گئے دوسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں میزبان ٹیم نے پاکستانی ٹیم کو ایک اننگز اور پچپن رنز سے ہرا دیا۔

 

پاکستانی ٹیم دوسرے ٹیسٹ میچ کی دونوں اننگز میں متاثرکن کارکردگی کا مظاہرہ کرنے میں ناکام رہی۔ ماہرین کے مطابق پاکستانی ٹیم نے انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز جیتنے کا سنہری موقع ضائع کر دیا۔ اس میچ کی دونوں اننگز میں کوئی بھی بڑی شراکت قائم کرنے میں پاکستانی بیٹسمین ناکام رہے۔ دونوں اننگز میں صرف ایک نصف سینچری بنی جو شاداب خان نے بنائی۔

پاکستانی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں صرف 134 کے اسکور پر آؤٹ ہو گئی۔ پہلی اننگز میں وہ 174 بنا سکی تھی۔ دوسری اننگز میں سب سے زیادہ اسکور امام الحق نے 34 کیا۔ اُن کے بعد پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے عثمان صلاح الدین نے 33 اسکور کیا۔

Bildergalerie Cricket Ausrüstung
اس میچ کی دونوں اننگز میں کوئی بھی بڑی شراکت قائم کرنے میں پاکستانی بیٹسمین ناکام رہےتصویر: Getty Images

پاکستان کے سب سے تجربہ کار بیٹسمین اظہر علی اور اسد شفیق انتہائی کمزور انداز میں آؤٹ ہوئے۔ اسی طرح ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے بھی انتہائی غیر متاثر کن کھیل کا مظاہرہ کیا۔

انگلینڈ کے بالروں نے پاکستانی ٹیم کو دونوں اننگز میں وقفے وقفے سے آؤٹ کرنے کا سلسلہ برقرار رکھا اور اس باعث پاکستانی ٹیم سنبھل نہیں سکی۔

انگیلنڈ کی جانب سے دوسری اننگز میں سب سے کامیاب تیز بالر اسٹورٹ براڈ اور نئے اسپنر ڈومینیک بیس رہے۔ دونوں نے تین تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

انگلینڈ کی ٹیم نے آج صبح انتہائی تیز رفتار کھیل کا مظاہرہ کیا اور 363 رنز بنانے میں کامیاب رہی۔ انگریز کھلاڑی بٹلر نے ایک روز میچ کے انداز میں کھیلتے ہوئے 80 رنز بنائے اور وہ آؤٹ بھی نہیں ہوئے۔ انگلش ٹیم نے پہلی اننگز میں 189 رنز کی سبقت حاصل کی۔

میچ کے بہترین کھلاڑی کا انعام انگلینڈ کے وکٹ کیپر بیٹسمین جوس بٹلر کو پہلی اننگز میں شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرنے پر دیا گیا۔ سیریز کے بہترین کھلاڑی پاکستانی تیز بالر محمد عباس قرار پائے۔