1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان نے دنیا کو دہشت گرد، بھارت نے ڈاکٹرز دیے، سشما سوراج

صائمہ حیدر
24 ستمبر 2017

بھارتی وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ کے اجلاس سے خطاب میں پاکستان پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اُن کے پڑوسی ملک پاکستان نے دنیا کو محض ’دہشت گرد‘ ہی دیے ہیں جبکہ بھارت اعلی ٰ پائے کے ڈاکٹرز اور انجینیئرز پیدا کر رہا ہے۔

https://p.dw.com/p/2kbac
USA Sushma Swaraj in New York
تصویر: Reuters/B. McDermid

بھارتی وزیر خارجہ کا اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئےکہنا تھا،’’ ایسا کیوں ہے کہ بھارت آج عالمی سطح پر انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں سپر پاور مانا جاتا ہے جبکہ پاکستان کو صرف دہشت گردی برآمد کرنے والی فیکٹری کے طور پر جانا جاتا ہے۔‘‘

سشما سوراج نے مزید کہا،’’ ہم نے سکالرز، ڈاکٹر اور انجینئیرز پیدا کیے۔ آپ نے دہشت گرد پیدا کیے۔‘‘ بھارتی وزیر خارجہ نے یہ بیان پاکستان کے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کے اُس بیان کے ردعمل کے طور پر دیا جس میں انہوں نے بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں دہلی حکومت کی جانب سے بڑے پیمانے پر طاقت کے استعمال کا الزام عائد کیا تھا۔

دوسری جانب پاکستانی میڈیا میں شائع رپورٹوں کے مطابق اقوام متحدہ میں پاکستان کی خاتون مندوب ملیحہ لودھی نے سشما سوراج کے ان الزامات پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے بھارت کو جنوبی ایشیا میں ’دہشت گردی کی ماں‘ قرار دیا ہے۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو نے پاکستان میں اپنی دہشت گردانہ کارروائیوں کا اعتراف کیا ہے۔ لودھی نے اقوام متحدہ کی توجہ کشمیر کے مسئلے کی جانب مبذول کراتے ہوئے کہا کہ کشمیر بھارت کا حصہ نہیں بلکہ اقوام متحدہ اور عالمی برادری اسے ’متنازعہ‘ قرار دے چکے ہیں۔ پاکستانی مندوب ملیحہ لودھی نے مزید کہا، ’’میں آپ سب کو اور بھارتی وزیر خارجہ کو اقوام متحدہ کا نقشہ دیکھنے کی دعوت دیتی ہوں۔‘‘

یاد رہے کہ جمعرات کے روز پاکستانی وزیراعظم خاقان عباسی کے جنرل اسمبلی سے خطاب کے بعد ایک بھارتی سفارتکار نے اسی فلور سے پاکستان کو ’ٹیررستان‘ کے لقب سے بھی نوازا تھا۔