1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان کا دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بنا دیا، دہلی پولیس

جاوید اختر، نئی دہلی
15 ستمبر 2021

دہلی پولیس نے چھ مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کیا ہے۔ پولیس کا دعوی ہے کہ ان میں سے دو پاکستان میں دہشت گردی کی تربیت حاصل کر کے آئے تھے۔ پولیس کے ایسے متعدد دعوے ماضی میں بے بنیاد ثابت ہو چکے ہیں۔

https://p.dw.com/p/40Llt
Indien Vergewaltigung Prozess
تصویر: Reuters

دہشت گردی اور منظم جرائم کی تفتیش اور ان کو ناکام بنانے کے قائم کردہ دہلی پولیس کے اسپیشل سیل کے کمشنر نیرج ٹھاکر نے بتایا کہ چھ لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے، جو ملک کے بڑے شہروں میں دہشت گردانہ حملوں کا منصوبہ بنا رہے تھے۔ ان میں سے دو پاکستان میں دہشت گردی کی تربیت حاصل کر کے آئے تھے۔

انہوں نے بتایا کہ ان حملوں کی منصوبہ بندی مبینہ طور پر پاکستان سے کی جارہی تھی اور ”اس کا مقصد آنے والے تہواروں کے دوران بھیڑ بھاڑ والے مقامات کو دہشت گردانہ حملوں کا نشانہ بنانا تھا۔"

 ہندوؤں کے دو بڑے تہوار درگا پوجا اور دیوالی اکتوبر اور نومبر میں آنے والے ہیں۔

گرفتار کیے گئے کون لوگ ہیں؟

پولیس کمشنر نیرج ٹھاکر نے بتایا،”ہم نے مہاراشٹر کے رہائشی محمد شیخ، دہلی کے جامعہ نگر علاقے کے رہنے والے اسامہ عرف سمیع، رائے بریلی کے رہنے والے مول چند عرف ساجو، الہ آباد کے ذیشان قمر، بہرائچ کے محمد ابوبکر اور لکھنؤ کے محمد عامر جاوید کو گرفتار کیا ہے۔"  ان کا  مزید کہنا تھا کہ کئی ریاستوں میں کارروائیوں کے بعد ان لوگوں کو گرفتار کیا گیا۔ دو افراد کو دارالحکومت دہلی سے، تین کو اترپردیش سے اور ایک شخص کو راجستھان سے گرفتار کیا گیا۔ پولیس نے ان کے پاس سے دو دستی بم، دو آئی ای ڈی، ایک کلوگرام آر ڈی ایکس اور اطالوی ساخت کا ایک پستول برآمد کرنے کا دعوی کیا ہے۔

بھارت: مسلمانوں کی گرفتاری پر سوالیہ نشان

انہوں نے مزید بتایا کہ ان میں سے دو افراد مبینہ طور پر عمان کے راستے پاکستان گئے تھے اور وہاں انہوں نے ہتھیار چلانے اور دھماکہ خیز مادوں کو استعمال کرنے کی تربیت حاصل کی تھی، ”ان لوگوں کو پاکستان میں پندرہ دنوں تک ایک فارم ہاؤس میں رکھا گیا تھا، جہاں پاکستانی فوج کے اہلکاروں نے انہیں اے کے 47 جیسے ہتھیار چلانے کی تربیت دی۔"

Indien Dawood Ibrahim
تصویر: Imago/Hindustan Times/S. Verma

داؤد ابراہیم سے تعلق کا دعوی

پولیس نے دعوی کیا کہ انڈر ورلڈ مفرور ڈان داؤد ابراہیم کا بھائی انیس ممکنہ حملوں کی تیاری میں مدد کر رہا تھا۔ وہ اپنے رابطوں کا استعمال کر کے تقرری، مالی امداد، ٹرانسپورٹ اور دیگر لاجسٹک کی فراہمی میں تعاون کر رہا تھا۔

خیال رہے کہ داؤد ابراہیم کو امریکا نے عالمی دہشت گرد قرار دے رکھا ہے۔ نئی دہلی کا دعوی ہے کہ داؤد ابراہیم پاکستان میں موجود ہے جبکہ اسلام آباد ان دعوؤں کی تردید کرتا رہا ہے۔

بھارت: ممبئی بم دھماکوں کا مبینہ ملزم فاروق ٹکلا گرفتار

پولیس کا کہنا ہے،”گرفتار ملزمین میں سے دو نے تسلیم کر لیا ہے کہ انہوں نے پاکستان میں تربیت حاصل کی تھی اور پاکستانی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی کے اشارے پر کام کر رہے تھے۔"

 گرفتاریوں پر سوالیہ نشان

دہلی پولیس اور بھارت کی دیگر ریاستوں کی انسداد دہشت گردی پولیس ماضی میں بھی دہشت گردوں کو گرفتار کرنے کے دعوے کرتی رہی ہیں۔ تاہم برسوں تک جیلوں میں رکھنے کے باوجود پولیس ان میں سے بیشتر کے خلاف الزامات ثابت کرنے میں ناکام رہی۔

گزشتہ مارچ میں عدالت کے حکم کے بعد 129 مسلمانوں کو 19 برس کے بعد رہائی نصیب ہو سکی تھی، جن کے خلاف گجرات پولیس نے دہشت گردی کے الزامات میں مقدمات دائر کیے تھے۔ ان میں 19 برس کی عمر سے لے کر 75 برس کے افراد شامل تھے۔ یہ لوگ ایک جلسے میں شرکت کے لیے گجرات گئے تھے لیکن ریاستی پولیس نے انہیں دہشت گردی کے الزام میں پکڑ کر جیلوں میں ڈال دیا تھا۔

بھارت: داؤد ابراہیم کے خاندانی جائیداد کی نیلامی

سن 2017 میں دہلی کی ایک عدالت نے گیارہ برس تک چلنے والی ایک عدالتی کارروائی کے بعد اشرف علی اور معروف قمر کو دہشت گردی کے تمام الزامات سے بری کر دیا تھا۔ عدالت نے پولیس کے رویے پر  نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس نے مبینہ جائے واردات کا دورہ کرنے کی بھی زحمت نہیں کی اور کوئی مناسب ثبوت پیش کرنے میں ناکام رہی۔

Indien | Coronavirus | Lockdown in Neu-Delhi
تصویر: Sajjad Hussain/AFP/Getty Images

بے گناہ شہریوں کی گرفتاری کے مضمرات

سابق سینیئر پولیس افسر اور کیرالا میں ڈائریکٹر جنرل پولیس کے عہدے پر فائز رہ چکے این سی استھانا کہتے ہیں کہ جھوٹے کیسز میں لوگوں کو پھنسانے کا اثر نہ صرف اس شخص پر پڑتا ہے بلکہ  ملک پر بھی اس کے کافی مضمرات پڑتے ہیں۔ اصل مجرم کو گرفتار کرنے اور سزا دینے میں ناکامی کا مطلب یہ ہے کہ مجرم کہیں آرام سے رہ رہا ہے اور موقع ملتے ہی دوبارہ حملہ کر سکتا ہے۔ اس لیے بے گناہ افراد کی بالخصوص دہشت گردی کے کیسز میں گرفتاری سے ملکی سلامتی بھی بری طرح متاثر ہوتی ہے۔

بھارت دہشت گردی کی پشت پناہی کر رہا ہے، پاکستان کا الزام

استھانا کا کہنا ہے کہ بھارت میں انصاف کا حصول انتہائی مشکل ہے۔ ملزم کو بے گناہی ثابت کرنے میں ایک مدت گزر جاتی ہے اور جب وہ بے گناہ ثابت ہو کر جیل سے باہر آتا ہے اس وقت تک اس کا سب کچھ لٹ چکا ہوتا ہے،''خاندان بکھر جاتا ہے۔اس پر دہشت گردی کا 'بدنما داغ‘ لگ جاتا ہے۔ اس کے بچوں کو اپنی تعلیم چھوڑنے پر مجبور ہونا پڑتا ہے جبکہ اس کے والدین غم اور مایوسی میں اس دنیا سے گزر چکے ہوتے ہیں۔‘‘

’مسلمانوں کے خلاف تعصب‘

گزشتہ چند دہائیوں کے دوران دہشت گردی کے نام پر گرفتار کیے جانے والے افراد میں اکثریت مسلمانوں کی ہے۔ حالانکہ ان میں سے بیشتر بعد میں بے گناہ ثابت ہوئے۔

غیر سرکاری تنظیم کامن کاز اور لوک نیتی کی سن 2018 میں کی جانے والی  ایک تحقیقات کے مطابق بھارتی مسلمانوں کو احساس ہے کہ پولیس ان کے خلاف متعصبانہ رویہ اپناتی ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق 47 فیصد مسلمانوں کا خیال تھا کہ پولیس مسلمانوں کو دہشت گردی کے جھوٹے الزامات کے تحت گرفتار کرتی ہے۔اس تحقیقات میں پایا گیا تھا کہ پولیس اہلکاروں کی نصف تعداد سمجھتی ہے کہ”مسلمان فطری طور پر جرائم کی طرف مائل ہوتے ہیں۔"

’بھارت نازيوں سے متاثرہ فاشسٹ رياست ہے،‘ عمران خان

حقوق انسانی کے کارکنوں کا کہنا ہے کہ اصل مجرم کے بجائے بے گناہ افراد کی گرفتاری کی ایک بڑی وجہ یہ ہے کہ بے گناہ ثابت ہونے والے افراد کو کوئی معاوضہ نہیں ملتا دوسری طرف جھوٹے الزامات عائد کرنے والے پولیس اہلکاروں کو کسی طرح کی سزا نہیں دی جاتی۔