1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پشاور: بی آر ٹی پھر سے تنقید کی زد میں

شمشیر حیدر
14 مئی 2019

پشاور ریپیڈ بس ٹرانزٹ منصوبے میں مزید نقائص کی خبریں سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر اسے تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

https://p.dw.com/p/3ISwu
Pakistan - Peshawar Bus Rapid Transport
تصویر: DW/D. Babar

دو برس قبل بی آر ٹی منصوبے کے افتتاح کے موقع پر اس وقت خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے دعویٰ کیا تھا کہ اس منصوبے کی تکمیل چھ ماہ کی ریکارڈ مدت میں ہوگی اور اس ہدف کے لیے بھرپور منصوبہ بندی کی گئی ہے۔

دو برس بعد اب بی آر ٹی کے لیے تعمیر کا مرحلہ آخر کار مکمل ہوتا دکھائی دے رہا تھا۔ تاہم گزشتہ دنوں اس ٹریک پر آزمائشی طور پر جب بسیں چلائی گئیں تو معلوم ہوا کہ اٹھارہ میٹر لمبی بسوں کے لیے پشاور کی سنہری مسجد کے قریب ٹریک پر موجود موڑ تنگ ہے۔ یہ خامی سامنے آنے کے بعد سڑک کشادہ کرنے کے لیے ایک مرتبہ پھر تعمیراتی کام شروع ہو چکا ہے۔

بی آر ٹی کے لیے انتظامیہ نے مجموعی طور پر 220 بسیں خریدی ہیں جن میں ڈیڑھ سو سے زائد بارہ میٹر طویل ہیں جب کہ پینسٹھ کی لمبائی اٹھارہ میٹر ہے۔ اب تک ستر بسیں پشاور پہنچائی جا چکی ہیں۔

اس منصوبے میں ایک اور نقص کی خبریں سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر تنقید کا سلسلہ بھی شروع ہو گیا ہے۔ طاہر خٹک نامی ایک صارف نے طنزیہ انداز میں لکھا، ’’بی آر ٹی پشاور میٹر بس ناقص ترین کارکردگی پر انجینیئرز کے اساتذہ پر پرچے کروانے کا فیصلہ۔‘‘

فہد کیہر نامی صارف نے لکھا، ’’وقت آ گیا ہے کہ دکانوں پر یہ لکھا ہوا نظر آئے گا: پشاور میٹرو کی تکمیل تک ادھار بند ہے۔‘‘

ایک صارف نے پاکستانی وزیر اعظم عمران خان کی گزشتہ برس کی گئی ایک ٹوئیٹ شیئر کی جس میں عمران خان نے لکھا تھا، ’’ جب بھی میٹروز اور اورنج لائین جیسے منصوبوں کی پڑتال کی جائے گی یہ راز کھلے گا کہ خسارہ کرنے والے ان منصوبوں کی تعمیر کا اصل مقصد ان کی آڑ میں کمیشن کھانا اور کک بیکس سے اپنی تجوریاں بھرنا تھا۔‘‘ اس کے جواب میں صارف نے لکھا، ’’عمران خان پشاور میٹرو کی بات کر رہے تھے۔‘‘