1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پنجاب کے نئے وزیر اطلاعات و ثقافت ’ہٹلر کے مداح‘

28 اگست 2018

پاکستانی وزیر اعظم عمران خان کی جماعت پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے فیاض چوہان کو صوبہ پنجاب کا نیا وزیر اطلاعات و ثقافت مقرر کیا گیا ہے۔ چوہان ماضی میں نازی رہنما آڈولف ہٹلر کو اپنا پسندیدہ حکمران قرار دے چکے ہیں۔

https://p.dw.com/p/33t5i
Adolf Hitler Einmarsch der deutschen Wehrmacht 1938 in Österreich
تصویر: picture-alliance/dpa

فیاض الحسن چوہان کو پاکستان تحریک انصاف نے صوبہ پنجاب کا نیا وزیر اطلاعات و ثقافت مقرر کیا ہے۔ کئی سوشل میڈیا صارفین چوہان پر آڈولف ہٹلر کو اپنا پسندیدہ حکمران قرار دینے کی وجہ سے شدید تنقید کر رہے ہیں۔

ہٹلر نے جرمنی کو ایک آمرانہ ریاست میں بدلنے کے لیے سیاسی ادارے کمزور کیے، 1939ء تا 1945ء جرمنی کو دوسری عالمی جنگ میں جھونکا اور لاکھوں یہودیوں کے قتلِ عام کے عمل کی نگرانی بھی کی تھی۔

نئے صوبائی وزیر نے ماضی میں راولپنڈی میں ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا، ’’میں ہٹلر کو پسند کرتا ہوں کیوں کہ اس نے برے لوگوں کو صفحہ ہستی سے مٹا دیا تھا۔‘‘ اس کے علاوہ مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر بھی انہوں اپنے ایک پیغام میں پسندیدہ حکمرانوں کی فہرست میں آڈولف ہٹلر کا نام شامل کر رکھا تھا۔

اتوار کے روز پارٹی کی جانب سے صوبائی وزیر نامزد کیے جانے کے بعد انہوں نے اپنی مذکورہ ٹویٹ حذف کر دی تھی تاہم اس کے اسکرین شاٹ اب بھی سوشل میڈیا پر گردش کر رہے ہیں۔ ایک صارف نے چوہان پر تنقید کرتے ہوئے لکھا، ’’خود کو ہٹلر کا فین قرار دینے والے فیاض چوہان کے بارے میں کیا ہم کہہ سکتے ہیں کہ وہ عمران خان کے گوئبلز ہیں؟‘‘

گوئبلز نازی دور میں ہٹلر کے پراپیگنڈا منسٹر تھے۔ گوئبلز نے پریس کی آزادی پر قدغنیں لگائیں، ہر طرح کے ذرائع ابلاغ، فنون اور معلومات پر حکومتی کنٹرول سخت کر دیا اور ہٹلر کو ’ٹوٹل وار‘ یا ’مکمل جنگ‘ پر اُکسایا تھا۔