1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پھر ایک فرسودہ روایت ایک خاتون کی جان لے گئی

4 فروری 2019

نیپال میں حیض سے جڑی فرسودہ رسم، چوپاڈی  کے باعث ایک اکیس سالہ لڑکی اپنی جان کھو بیٹھی۔ سردی سے بچنے کے لیے لگائی گئی آگ اس خاتون کی جان لے گئی۔

https://p.dw.com/p/3CgOj
Nepal Achham - Religion und Frauen
تصویر: Getty Images/AFP/P. Mathema

نیپال کے مغربی حصے کے علاقے دوتی میں ایک خاتون نے حیض کے دوران ایک خالی گھر کے تہہ خانے میں رہنے کا فیصلہ اس لیے کیا کیوں کہ خواتین کے لیے بنائی گئی عارضی رہائش گاہ میں بہت زیادہ رش تھا۔ اس خاتون نے حیض کے چوتھے دن رات کی شدید ٹھنڈ سے بچنے کے لیے آگ جلائی تھی۔ لیکن آگ سے نکلنے والے دھواں کے باعث یہ خاتون دم توڑ گئی۔

دوتی کے پولیس افسر لالہ بہادر دھامی کا کہنا ہے،’’ ایسا لگتا ہے جیسے یہ خاتون دم گھٹنے سے ہلاک ہوئی، لیکن مزید تفصیلات طبی رپورٹ آنے کے بعد پتا چلیں گی۔‘‘ یہ عورت اپنی ساس کے ساتھ رہتی تھی۔ اس کا شوہر روزگار کے سلسلے میں ملائیشیا میں رہائش پذیر ہے۔

Nepal - Frauen verlässen Dorf während Menstruation
تصویر: Getty Images/AFP/P. Mathema

تین ہفتے قبل ایک اور خاتون اور اس کے دو بچے اسی طرح دھویں کے باعث دم گھٹنے سے ہلاک ہو گئے تھے۔ نیپال کے کئی علاقوں میں چوپاڈی کی رسم بہت عام ہے۔ اس رسم میں حیض کے دوارن خواتین کو ناپاک تصور کیا جاتا ہے اور وہ ان دنوں گھر سے باہر رہنے پر مجبور ہوتی ہیں۔ بعض علاقوں میں ایسی جگہ تعمیر کی جاتی ہے جہاں خواتین مشترکہ طور پر رہ سکتی ہیں لیکن بعض علاقوں میں خواتین کو حیض کے دوران تنہا رہنا پڑتا ہے۔ ماضی میں ایسے کئی واقعات پیش آ چکے ہیں جب خواتین کو کسی جنگلی جانور کے حملے نے ہلاک کر دیا تھا یا پھر وہ شدید سردی یا گرمی کے باعث اپنی جان کھو بیٹھیں۔

Nepal - Frauen verlässen Dorf während Menstruation
تصویر: Getty Images/AFP/P. Mathema

 اگرچہ اس فرسودہ روایت پر سرکاری طور پر پابندی عائد ہے اور 2017ء میں اسے قابل سزا جرم قرار دیا گیا تھا لیکن سخت نظریات کے حامل ہندو مذہب کو ماننے والے کچھ خاندان اس رسم کو ختم کرنے کے خلاف ہیں۔