1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پیپلز پارٹی رہنما بے نظیر کے مقدمہ قتل کے فیصلے سے مایوس

عبدالستار، اسلام آباد
31 اگست 2017

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے بے نظیر بھٹو کے مقدمہ قتل کے فیصلے کو مایوس کن قرار دیا ہے اور اس بات کا خدشہ ظاہر کیا ہے کہ شاید اس قتل کی سازش کرنے والے کبھی بھی بے نقاب نہیں ہوں گے۔

https://p.dw.com/p/2j9zt
Pakistan | Gedenken an Benazir Bhutto
تصویر: Getty Images/AFP/B. Khan

پاکستان کی سابق وزیرِ اعظم بے نظیر بھٹو کے مقدمہ قتل کا فیصلہ سناتے ہوئے راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے آج پانچ ملزمان رفاقت حسین، حسنین گل، شیر زمان، اعتزاز شاہ اور عبدالرشید کوبری کر دیا اور سابق ڈی آئی جی راولپنڈی سعودعزیز اور سابق ایس پی راول ٹاؤن خرم شہزاد کو سترہ، سترہ برس قید کی سزا سنائی۔عدالت نے سابق صدر پرویز مشرف کومفرور قرار دیتے ہوئے ان کی جائیداد کو ضبط کرنے کا حکم بھی دیا اور ن کے مستقل وارنٹِ گرفتاری جاری کرنے کا بھی حکم دیا۔
فیصلے کے فوراﹰ بعد پاکستانی ذرائع ابلاغ میں یہ خبر سب سے اہم بن گئی، جس پر تجزیے اور تبصرے ہورہے ہیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی نے فیصلے پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔ سابق وزیر مملکت برائے انڈسٹریز اور پیداوار، اور پاکستان پیپلز پارٹی کے ایک مرکزی رہنما آیت اللہ درانی نے اس فیصلے پر اپنا ردِ عمل دیتے ہوئے ڈوئچے ویلے کو بتایا، ’’میرے خیال میں یہ فیصلہ انتہائی مایوس کن ہے۔ جس طرح لیاقت علی خان کے قتل کی سازش بے نقاب نہیں ہوئی، بھٹو صاحب کے عدالتی قتل کی حقیت آشکار نہیں ہوئی، جنرل ضیاء کے طیارے کے حادثے کی گتھی نہیں سلجھی ، بالکل اسی طرح ، اس قتل کی سازش بھی کبھی بے نقاب نہیں ہوگی۔ پولیس والوں کو قربانی کا بکرا بنا دیا گیا لیکن اصل کرداروں کو بے نقاب نہیں کیا گیا۔‘‘
پی پی پی کے ایک اور رہنما سینیٹر تاج حیدر نے کہا، ’’یہ فیصلہ نہ صرف مایوس کُن ہے بلکہ اس میں اصل کرداروں کو بے نقاب نہیں کیا گیا۔ شروع سے ہی اس کو ص‍حیح معنوں میں چلایا نہیں گیا۔ پانچ یا چھ ججوں کو تبدیل کیا گیا۔ ایک پراسیکیوٹر کو قتل کیا گیا۔ انسداد دہشت گردی کی عدالتیں فوری سماعت کے لیے بنی تھیں لیکن اس عدالت نے فیصلہ تقریباﹰ گیارہ سال میں دیا۔ ہمارے خیال میں بے نظیر بھٹو کے قتل کی سازش ان کے آنے سے پہلے بنائی گئی تھی اور اٹھارہ اکتوبر اور ستائیس دسمبر کے واقعات اسی سازش کا حصہ تھے۔‘‘

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا، ’’بے نظیر بھٹو نے تین افراد کے نام اپنے ایک خط میں لیے تھے۔ جن میں جنرل حمید گل، بریگیڈیئر اعجاز شاہ اور چوہدی پرویز الٰہی کے نام شامل تھے۔ میرے خیال میں ان تینوں افراد سے تفتیش کی جانی چاہیے تھی۔ اس کے علاوہ بے نظیر بھٹو نے پرویز مشرف کے ساتھ ہونے والی ایک گفتگو کا بھی اپنے ایک خط میں حوالے دیا تھا۔ اس حوالے سے بھی تفتیش ہونی چاہیے تھی۔‘‘
ان کا کہنا تھا کہ پی پی پی کی قیادت اس مسئلے پر سر جوڑ کر بیٹھے گی اور مستقبل کا لائحہ عمل تیار کرے گی۔
کئی تجزیہ نگاروں کا خیال ہے کہ پیپلز پارٹی نے خود بھی اس مقدمے میں زیادہ دلچسپی نہیں لی۔ سیاسی مبصر مظہر عباس نے اس فیصلے پر تبصرہ کرتے ہوئے ڈی ڈبلیو کو بتایا، ’’بے نظیر بھٹو کا قتل آج بھی ایک معمہ ہے۔ پرویز مشرف اور پی پی پی کی حکومت دونوں ہی ناقص تفتیش کے ذمہ دار ہیں۔ جب آپ بے نظیر بھٹو کے خط کو نظر انداز کریں گے، ایک مشتبہ شخص کو باہر جانے دیں گے اور دوسرے کو حکومت کا حصہ بنا لیں گے تو ایسا ہی فیصلہ آئے گا۔ پی پی پی نے خود بھی اس مقدمے میں دلچسپی نہیں لی اور ایک بار بھی وہ مقدمے کی سماعت سننے کے لیے نہیں آئے۔ اگر اٹھارہ اکتوبر کے واقعے کی تفتیش صحیح طریقے سے ہوتی اور بے نظیر بھٹو کے خط کو سنجیدگی سے لیا جاتا تو ستائیس دسمبر کا واقعہ نہ ہوتا۔‘‘
پی پی پی کے رہنماؤں اور بے نظیر بھٹو کے بچوں نے ٹوئیٹر پر اس فیصلے پر خوب تبصرے کیے۔ بے نظیر بھٹو کے صاحب زادے بلاول بھٹو زرداری نے اس فیصلے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا، ’’شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے مقدے کا فیصلہ مایوس کن اور ناقابلِ قبول ہے۔ دہشت گردوں کی رہائی نہ صرف نا انصافی ہے بلکہ خطرناک بھی ہے۔ پی پی پی قانونی راستوں پر سوچ وبچار کرے گی۔‘‘
بختارو بھٹو نے اپنے ردِ عمل میں لکھا، ’’پولیس والے گرفتار لیکن اصل دہشت گرد رہا کر دیے گئے۔‘‘
پی پی پی کی ایک رہنما نفیسہ شاہ نے اپنی ایک ٹوئیٹ میں لکھا، ’’دس برس بعد بھی دہشت گرد ی کی عدالت انصاف دینے میں ناکام رہی کیونکہ اصل سازش تیار کرنے والے اور مرکزی ملزم خصوصاﹰ جنرل مشرف کو سزا نہیں دی گئی۔‘‘
آصفہ بھٹو زرداری نے لکھا، ’’جب تک پرو یز مشرف اپنے جرائم کا حساب نہیں دیتا انصاف نہیں ہوگا۔ دس برس ہوئے ہیں اور ہم اب بھی انصاف کے منتظر ہیں۔‘‘

Pakistan Bakhtawar Zardari
’’پولیس والے گرفتار لیکن اصل دہشت گرد رہا کر دیے گئے‘‘، بختاور بھٹو زرداریتصویر: picture-alliance/dpa/N. Ul Haq
اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید