1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

شی جن پنگ سے بات نہیں کرنا چاہتا، ڈونلڈ ٹرمپ

15 مئی 2020

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ اپنے چینی ہم منصب شی جن پنگ سے بات نہیں کرنا چاہتے۔ صدر ٹرمپ نے چین کے ساتھ تعلقات میں ممکنہ کمی لانے کا بھی عندیہ دیا ہے۔

https://p.dw.com/p/3cFuG
تصویر: Reuters/K. Lamarque

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ کورونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کے تناظر میں چین کے ساتھ تعلقات کم کر سکتے ہیں۔ اپنے بیان میں انہوں نے دنیا کی دوسری بڑی اقتصادی قوت کے ساتھ اپنے ملکی تعلقات میں بگاڑ کا واضح اشارہ دیا ہے۔ امریکی صدر مسلسل چین پر الزام لگاتے چلے آ رہے ہیں کہ اس نے کورونا وائرس کی وبا سے متعلق حقائق کو چھپایا ہے۔

USA Coronavirus Donald Trump
تصویر: Reuters/C. Barria

فوکس نیوز چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے ٹرمپ نے واضح کیا کہ وہ چین کے ساتھ اپنے تعلقات میں کمی لانے کے حوالے سے بہت کچھ کر سکتے ہیں اور تعلقات مکمل طور پر ختم بھی کیے جا سکتے ہیں۔ اس حوالے سے وہ مزید کہتے ہیں کے اگر ایسا کیا گیا تو پانچ سو بلین ڈالر بچائے جا سکیں گے۔ پانچ سو بلین ڈالر بچانے سے ان کی مراد چین سے مختلف اشیاء کی سالانہ امپورٹ ہے۔

یہ امر اہم ہے کہ چین اور امریکا کے تعلقات میں گزشتہ کئی ماہ سے تناؤ پایا جاتا ہے۔ دونوں ملک کورونا وائرس سے متعلق حقائق چھپانے کے معاملے پر بیان بازی جاری رکھے ہوئے ہیں۔ چین کا موقف ہے کہ کورونا وائرس کے معاملے پر وہ مکمل شفافیت رکھتا ہے اور اس تناظر میں کچھ بھی چھپایا نہیں گیا۔

امریکی صدر کا کہنا ہے کہ چین اس وبا کو اپنے ملک تک محدود رکھ سکتا تھا کیونکہ اس نے جنم وہیں سے لیا تھا لیکن بیجنگ نے ایسا نہیں کیا۔ ٹرمپ ماضی میں اپنے چینی ہم منصب کے ساتھ اپنے اچھے تعلقات کا بڑے فخر سے تذکرہ کیا کرتے تھے لیکن اب ان کا کہنا ہے کہ وہ اس موجودہ صورت حال میں صدر شی جی پنگ کے ساتھ کوئی بات کرنے کی خواہش نہیں رکھتے۔ امریکی صدر کا یہ بھی کہنا ہے کہ وہ کورونا وائرس کی وبا کے پھیلاؤ کو دیکھتے ہوئے چین سے بہت مایوس ہوئے ہیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ کا یہ بھی کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی وبا نے چینی امریکی تجارتی ڈیل پر بھی اثرات مرتب کیے ہیں۔ اس ڈیل کے طے ہونے پر بھی انہوں نے مسرت کا اظہار کیا تھا۔ امریکی صدر کے مطابق چین کے ساتھ ایک بڑا معاہدہ طے کیا گیا لیکن ابھی  اس کی سیاہی سوکھی بھی نہیں کہ وبا آن پہنچی ہے اور اب وہ ڈیل کے حوالے سے پہلے جیسے احساسات نہیں رکھتے۔ امریکا اور چین کے مابین تجارتی ڈیل پر دستخط رواں برس جنوری میں کئی مہینوں کی بات چیت کے بعد کیے گئے تھے۔

چین کے 70 برس پر ایک نظر

ع ح، ع ا (روئٹرز، اے ایف پی)