1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ڈیٹرائٹ حملے میں القاعدہ ملوث ہے، اوباما

2 جنوری 2010

امریکی صدر باراک اوباما نے کرسمس کے دن ڈیٹرائٹ آنے والی پرواز کو تباہ کرنے کی کوشش میں القاعدہ کو ملوث قرار دے دیا ہے۔

https://p.dw.com/p/LIks
تصویر: AP

امریکی قوم سے ہفتہ وار خطاب میں اوباما نے واشنگٹن حکومت کی جانب سے پہلی بار ڈیٹرائٹ واقعے میں القاعدہ کو براہ راست مؤرد الزام ٹہرایا۔ اوباما نے اس موقع پر امریکی عوام کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن اقدام اٹھانے کے عزم کو بھی دہرایا۔

Verhinderter Anschlag auf Flugzeug in den USA
حملے سے بچ جانے والا طیارہتصویر: AP

ہوائی کے جزیرے پر کرسمس کی چھٹیاں منانے والے باراک اوباما نے کہا کہ امریکہ کی جنگ کافی دور تک پہنچ رکھنے والے نفرت اور دہشت کے نیٹ ورک سے ہے۔ اوباما نے جزیرہ نما عرب میں القاعدہ کے گروپ سے ڈیٹرائٹ کے واقعے کا احتساب کرنے کا عزم ظاہر کیا۔ اوباما کو واشنگٹن حکام نے ایمسٹرڈیم سے ڈیٹرائٹ آنے والی پرواز میں کرسمس کے روز دہشت گردی کی کوشش سے متعلق ابتدائی تحقیقات سے آگاہ کردیا تھا۔ اپنے خطاب میں امریکی صدر نے کہا کہ تحقیقات سے مبینہ نائیجیرین دہشت گرد عمر فاروق عبدالمطلب کے بارے میں صورتحال واضح ہوگئی ہے۔

امریکی صدر نے اس موقع پر کہا کہ ہم جانتے ہیں کہ اس دہشت گرد نے یمن کا سفر کیا تھا، جہاں غربت اور عسکریت پسندی بڑھ گئی ہے، جزیرہ نما عرب ہی میں القاعدہ نے اسے آتش گیر مواد فراہم کیا اور اسے امریکہ آنے والے طیارے کو تباہ کرنے کا ہدف دیا۔

امریکی صدر کے حالیہ بیان سے قبل دہشت گرد تنظیم القاعدہ نے ڈیٹرائٹ حملے کی ذمہ داری خود بھی قبول کر لی تھی۔ ایک ویب سائٹ پر جاری کئے گئے بیان میں القاعدہ کی جانب سے کہا گیا تھا کہ امریکہ یمن میں ان کے ساتھیوں پر حملے کر رہا ہے اور کرسمس کے روز ایمسٹرڈم سے ڈیٹرائٹ جانے والے امریکی طیارے پر حملے کی کوشش انتقامی کارروائی تھی۔ بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ نائجیریا کے ایک شہری کو جدید آلہ فراہم کیا گیا تھا، لیکن تکنیکی خرابی کے باعث دھماکہ نہیں ہو سکا۔

Umar Farouk Abdulmutallab
نائیجیرین شہری عمر فاروق ، فائل فوٹوتصویر: AP

اپنے حالیہ خطاب میں امریکی صدر باراک اوباما نے پاکستان اورافغانستان میں القاعدہ اور ان کے انتہا پسند حامیوں کی مکمل شکست کے لئے فراہم کئے گئے وسائل میں بے انتہا اضافہ کیا گیا ہے۔ اوباما کے بقول وسائل میں اضافے کا مقصد ان خطوں میں شدت پسندوں کی واپسی کو روکنا ہے۔

ایمسٹرڈیم سے ڈیٹرائٹ آنے والے مسافر طیارے کو آتش گیر مواد سے تباہ کرنے کی کوشش کرنے والے نائیجیرین شہری پر فرد جرم عائد کی جا چکی ہے۔ طیارے کو تباہ کرنے کی کوشش میں جھلس جانے والے عمر فاروق عبدالمطلب کو ہسپتال سے جیل منتقل کردیا گیا ہے۔ واقعے کے مختلف پہلوؤں پر تفتیش کی جارہی ہے جبکہ بین الاقوامی پروازوں کے لئے سیکیورٹی انتظامات مزید سخت کر دئے گئے ہیں۔

رپورٹ : شادی خان

ادارت : عصمت جبیں

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید