1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کامیاب کرائم ناول کی مصنفہ جے کے رولنگ نکلیں

عصمت جبیں15 جولائی 2013

ناولوں کی ہیری پوٹر سیریز کی مصنفہ جے کے رولنگ نے اپنی اصل شناخت ظاہر کیے بغیر ایک ایسا نیا ناول لکھا ہے جس کی کامیابی سے یہ بات چھپ نہ سکی کہ مصنف وہ نہیں جس کا نام اس ناول پر لکھا ہے۔

https://p.dw.com/p/197ht
تصویر: Carl Court/AFP/GettyImages

اس نئے ناول کا نام "The Cuckoo's Calling" ہے اور اس کے لیے J.K. Rowling نے ایک فرضی مصنف Robert Galbraith کا نام اپنا لیا۔ اس مصنف کو انہوں نے ایک ایسا ریٹائرڈ ملٹری پولیس میں ظاہر کیا جس کا یہ پہلا ناول تھا۔

Harry Potter and the Deathly Hallows - Cover
بچوں میں مقبول سیریز ہیری پوٹرتصویر: AP

اس نئے ناول ’دی کُکُوز کالنگ‘ کو اس کی اشاعت کے بعد جرم اور جاسوسی کی ایسی بہترین کتابوں میں سے ایک قرار دیا گیا جو ان کے مصنفین نے اپنے پہلے ناول کے طور پر لکھی تھیں۔ اس نئے ناول کو ماہرین نے گزشتہ کئی برسوں کے دوران چھپنے والا بہترین پہلا ناول بھی قرار دیا۔

جے کے رولنگ نے اس ناول کی اشاعت کے وقت ظاہر یہ کیا کہ مصنف روبرٹ گیلبریتھ دو بچوں کا باپ ہے۔ وہ ایک ایسا شادی شدہ شخص ہے جو ماضی میں اپنی شناخت چھپا کر چھان بین کرتا رہا ہے۔

ہیری پوٹر سیریز کی مشہور مصنفہ کی اس ناول کے حوالے سے اپنی شناخت چھپا کر رکھنے کی کوشش اس وقت ناکام ہو گئی جب برطانوی اخبار سنڈے ٹائمز کو شبہ ہو گیا۔ اس اخبار کو شک تھا کہ ایسا شاندار کرائم ناول کسی مصنف کا بالکل پہلا ناول نہیں ہو سکتا۔ جب چھان بین کی گئی تو پتہ یہ چلا کہ اس ناول کی اصل مصنفہ جے کے رولنگ ہیں۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق سچ سامنے آنے کے بعد رولنگ نے کہا، '’مجھے امید تھی کہ میں یہ راز کچھ لمبے عرصے تک خفیہ رکھ سکوں گی۔ میرے لیے روبرٹ گیلبریتھ بننا ایک ایسا تجربہ تھا جس نے مجھے نئی آزادی دی تھی۔‘‘

J. K. Rowling mit Harry Potter
ہیری پوٹر سیریز کی مشہور مصنفہ جے کے رولنگتصویر: AP

47 سالہ رولنگ کے بقول ان کے لیے یہ بات شاندار رہی کہ وہ اپنی مشہوری یا کسی قسم کی توقعات کے بغیر اپنی کتاب شائع کرائیں۔ انہوں نے کہا، ’’یہ بڑی خوشی کی بات تھی کہ آپ کو ایک مختلف نام کے ساتھ فیڈ بیک ملے۔‘‘

رولنگ کے اس نئے ناول کے پبلشر لٹل براؤن نے اس نئی کتاب کی تشہیر کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ ایک کلاسیک کرائم ناول ہے۔ ان کے بقول یہ ناول P.D. James اور Ruth Rendell کے ناولوں کی طرح کا ہے۔ اس کا مرکزی کردار Cormoran Strike ہے جو ایک سابقہ فوجی ہے۔ جنگ میں شامل رہنے کی وجہ سے اسے جسمانی اور نفسیاتی زخموں کا بھی سامنا ہے۔

اس ناول کی کہانی یہ ہے کہ سٹرائیک لندن کے علاقے Mayfair میں ایک ماڈل کی موت کی چھان بین کرتا ہے۔ اس ناول کے بارے میں اپنی رائے لکھتے ہوئے ایک نقاد نے اسے ’’شاندار پہلا ناول‘‘ قرار دیا۔ ایک دوسرے نقاد کے مطابق یہ ناول ’’حیران کن حد تک پختگی‘‘ کی علامت ہے۔

شروع میں اس ناول کی تقریبا پندرہ سو کاپیاں بکی تھیں۔ لیکن جب مصنفہ کے طور پر جے کے رولنگ کا نام ثابت ہو گیا، تو یہ ناول دیکھتے ہی دیکھتے بیسٹ سیلر لسٹ میں آ گیا۔

سنڈے ٹائمز کے مطابق جے کے رولنگ کورمورین سٹرائیک کے کردار والا دوسرا ناول بھی مکمل کر چکی ہیں۔ توقع ہے کہ یہ ناول اگلے برس شائع ہو جائے گا۔ رولنگ نے ہیری پوٹر سیریز کی کتابوں کی کئی ملین کی تعداد میں فروخت کے بعد اپنا ایک نیا ناول گزشتہ برس شائع کرایا تھا۔ یہ ان کا بالغوں کے لیے لکھا گیا پہلا ناول تھا۔ اس کا نام "The Casual Vacancy" تھا اور اس کے بارے میں تبصرہ نگاروں کی رائے ملی جلی تھی۔