1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’کرائے پر مکان صرف جرمنوں کے لیے‘: جرمن مالک مکان کو جرمانہ

11 دسمبر 2019

جرمنی میں ایک شخص نے کرائے پر مکان دینے کے لیے اشتہار میں لکھا کہ مکان صرف جرمنوں کو ہی کرائے پر دیا جائے گا۔ ایک مقامی عدالت نے ان کے اس امتیازی رویے پر ایک ہزار یورو جرمانہ کر دیا۔

https://p.dw.com/p/3Uc4z
Wohnungen in Hamburg
تصویر: picture-alliance/dpa/M. Brandt

جرمنی میں مکان کرائے پر دینے میں امتیازی رویہ اختیار کرنا جرم ہے۔ ایک جرمن شہری نے مکان کرائے پر دینے کے لیے ایک اشتہار جاری کیا اور اس میں واضح انداز میں لکھا کہ وہ اپنا مکان صرف جرمنوں کو ہی کرائے پر دیں گے۔ لیکن غیر ملکیوں کے ساتھ ایسا امتیازی رویہ انہیں مہنگا پڑا۔

جرمن شہر آؤگسبرگ کی عدالت نے اس شخص کو امتیازی سلوک کا مجرم قرار دیتے ہوئے ایک ہزار یورو جرمانہ کیا۔ یہ جرمانہ اس افریقی شخص کو بطور ہرجانہ دیا جائے گا، جو مکان کرائے پر لینا چاہتا تھا لیکن جرمن نہ ہونے کے باعث اسے امتیازی رویے کا سامنا کرنا پڑا۔

مکانات کے کرائے: جرمنی کا مہنگا ترین شہر اب اشٹٹ گارٹ

منگل دس دسمبر کے روز فیصلہ سناتے ہوئے عدالت نے مالک مکان کو خبردار کیا کہ وہ آئندہ کسی اشتہار میں 'صرف جرمنوں کے لیے‘ کی شرط نہیں رکھے گا اور ایسا کرنے کی صورت میں اسے بہت زیادہ جرمانے کی سزا بھی سنائی جا سکتی ہے۔

'مالک مکان نے فون ہی کاٹ دیا‘

افریقی ملک برکینا فاسو سے تعلق رکھنے والے ایک شخص نے امتیازی سلوک اختیار کرنے پر مالک مکان کے خلاف مقدمہ کیا تھا۔ اس شخص نے عدالت میں بیان دیا کہ کرائے پر مکان لینے کے لیے مالک مکان سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا تو مالک مکان نے یہ جانتے ہی کہ وہ جرمن نہیں ہے، فون کاٹ دیا۔

مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے آؤگسبرگ کی عدالت کے جج آندریاس روتھ نے کہا، ''غیر ملکیوں کے خلاف امتیازی رویہ اختیار کرنا ناقابل قبول ہے۔‘‘

مکان کے مالک ایک 81 سالہ بزرگ جرمن شہری ہیں۔ انہوں نے عدالت میں اعتراف کیا کہ وہ اپنا مکان صرف جرمنوں ہی کو کرائے پر دینا چاہتے ہیں۔ انہوں نے عدالت کو اس کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ ماضی میں ایک ترک نژاد شخص کو مکان کرائے پر دینے سے انہیں پریشانی کا سامنا کرنا پڑا تھا کیوں کہ ترک شخص منشیات فروش تھا۔

اس کے جواب میں جج نے کہا، ''جرائم کا ارتکاب افراد کرتے ہیں، نہ کہ کسی خاص ملک کے شہری۔‘‘

جرمن عدالتیں ماضی میں بھی غیر ملکیوں کے خلاف امتیازی برتاؤ پر مکان مالکان کو جرمانے اور ہرجانے کی سزائیں سنا چکی ہیں۔

امتیازی سلوک کے انسداد کی وفاقی جرمن ایجنسی کے مطابق جرمنی میں غیر ملکی اور ترک وطن پس منظر رکھنے والے 70 فیصد افراد یہ محسوس کرتے ہیں کہ کرائے پر رہائش لیتے وقت ان کے ساتھ امتیازی سلوک روا رکھا جاتا ہے۔

ش ح / ا ب ا (ڈی پی اے، اے ایف پی)

جرمنی: تارکین وطن کو کرائے پر گھر کیوں نہیں ملتے؟