1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کروز شپ کا انجن خراب، تیرہ سو مسافروں کو ریسکیوکرنا پڑے گا

23 مارچ 2019

ناروے کے ایک کروز شپ نے انجن خراب ہونے کے بعد کھلے سمندر میں بھٹکنا شروع کر دیا ہے۔ ملکی پولیس کے مطابق طوفانی ہواؤں کے باعث اس تعطیلاتی بحری جہاز میں سوار تقریباﹰ تیرہ سو مسافروں کو اب ایمرجنسی میں ریسکیو کیا جائے گا۔

https://p.dw.com/p/3FZJn
تصویر: Reuters/O.R. Lange

ناروے کے دارالحکومت اوسلو سے ہفتہ تئیس مارچ کو ملنے والی نیوز ایجنسی روئٹرز کی رپورٹوں کے مطابق یہ جہاز اپنے 1300 کے قریب مسافروں اور عملے کے بہت سے ارکان کے ساتھ سفر پر تھا کہ ملک کے مغربی ساحلی علاقے کے قریبی سمندر میں اس کا انجن خراب ہو گیا۔

اسکینڈے نیویا کے اس ملک کی ہنگامی حالات میں سمندری ریسکیو کا کام کرنے والی سروس نے بتایا کہ اس جہاز کے کپتان نے انجن بند ہونے کے بعد مدد کی اپیل کر دی تھی اور اس وقت یہ کروز شپ پانی پر بھٹکتا ہوا آہستہ آہستہ خشکی کی طرف بڑھ رہا ہے۔

تعطیلاتی سفر کے لیے استعمال ہونے والے اس بحری جہاز کا نام وائکنگ اسکائی ہے اور یہ وائکنگ اوشن کروزز نامی کمپنی کی ملکیت ہے۔ یہ کمپنی وائکنگ کروزز گروپ کی ملکیت ہے، جس کے مالک ناروے کے ایک ارب پتی بزنس مین ٹورسٹین ہاگن ہیں۔

Norwegen Kreuzfahrtschiff Viking Sky Havarie
تصویر: Reuters/R.S. Bertinussen

وائکنگ اسکائی کی طرف سے بہت مشکل صورت حال کا شکار ہو جانے کا اسگنل ملنے پر ناروے میں متعلقہ محکمے کے حکام نے فوری طور پر امدادی بحری جہاز اور کئی ہیلی کاپٹر سمندر میں اس کروز شپ کی طرف روانہ کر دیے ہیں۔

ساتھ ہی قریب ترین بندرگاہوں پر اس بحری جہاز سے ریکسیو کے بعد عنقریب واپس لائے جانے والے تیرہ سو کے قریب مسافروں کے لیے امدادی انتظامات کی تیاریاں بھی شروع کر دی گئی ہیں۔

ناروے کی پولیس نے ایک مقامی اخبار ’وی جی‘ کو بتایا کہ اس تعطیلاتی بحری جہاز کو، جس کا انجن کام نہیں کر رہا، اس وقت ایسی سمندری ہواؤں کا سامنا ہے، جن کی رفتار تقریباﹰ 40 سمندری میل فی گھنٹہ تک ریکارڈ کی گئی ہے۔

م م / ع ح /  روئٹرز

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں