1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کشمير ميں بے جے پی کے مقامی رہنما کا قتل، مودی کی مذمت

5 مئی 2019

بھارت کے زير انتظام کشمير ميں وزير اعظم نريندر مودی کی ہی سياسی جماعت سے تعلق رکھنے والے ايک مقامی رہنما کو ہلاک کر ديا گيا ہے۔ بھارت ميں جاری انتخابات کے دوران رونما ہونے والا تشدد کا يہ تازہ ترين واقعہ ہے۔

https://p.dw.com/p/3Hwo5
Indien Kaschmir Soldaten in Srinagar
تصویر: picture-alliance/AA/F. Khan

ہندو قوم پرست جماعت بھارتيہ جنتا پارٹی کے ايک مقامی يونٹ کے رہنما گل محمد مير کو مشتبہ عليحدگی پسند جنگجوؤں نے ہفتے کی رات ان کے گھر پر قتل کر ديا۔ قتل کی يہ واردات ضلع آننت ناگ ميں پيش آئی۔ پوليس نے اسے دہشت گردی سے تعبير کيا ہے۔ يہ بھی بتايا گيا ہے کہ شوپياں کے علاقے ميں ايک ايسے مقام کو نذر آتش کر ديا گيا ہے، جسے پير چھ مئی کو پولنگ اسٹيشن کے طور پر استعمال ہونا تھا۔ بھارتی وزير اعظم نے مير کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے ٹوئيٹ کيا، ’’ملک ميں ايسے تشدد کی کوئی جگہ نہيں۔‘

کشمير واحد ايسی بھارتی رياست ہے، جہاں مسلمان اکثريت ميں ہيں۔ کشمير ميں سابقہ انتخابات ميں ووٹر ٹرن آؤٹ بمشکل ہی دس فيصد سے زيادہ رہا ہے۔ امکان ہے کہ پير سے شروع ہونے والے عام انتخابات کے پانچويں مرحلے ميں کشميری علاقہ جات ميں اس بار بھی ووٹروں کا ٹرن آؤٹ محدود ہی رہے گا۔ بھارت ميں جاری انتخابات انيس مئی کو اختتام پذير ہوں گے۔

بھارت ميں سياسی قتل کوئی غير معمولی بات نہيں۔ نيشنل کرائم ريکارڈز بيورو کے مطابق سن 2016 ميں سامنے آنے والی قتل کی ايک سو سے زائد وارداتوں کے پيچھے سياسی محرکات تھے۔ جنوبی رياست کيرالہ، اتر پرديش اور بہار اس معاملے ميں بدترين رياستيں مانی جاتی ہيں۔

رياست مہاراشٹرا ميں بائيں بازو کے ماؤ نواز باغی اکثر پر تشدد کارروائياں کرتے ہيں۔ پچھلے ہفتے باغيوں نے حملہ کر کے پوليس کے پندرہ کمانڈوز اور ان کے ڈرائيور کو ہلاک کر ديا تھا۔ پچھلے ماہ چھتيس گڑھ ميں بھی ماؤ نواز باغيوں کی کارروائی ميں دو پوليس کانسٹيبل مارے گئے تھے۔ اسی رياست ميں باغيوں نے گيارہ اپريل کو ايک قافلے کو بھی نشانہ بنايا تھا، جس ميں بی جے پی کے ايک قانون ساز سميت پانچ افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

پير سے بھارتی اليکشن کا پانچواں مرحلہ شروع ہو رہا ہے۔ اس دوران بھارت کی سب سے بڑی اور 543 نشستوں ميں سے 80 نشستوں کی حامل رياست اتر پرديش سميت کُل سات رياستوں ميں مجموعی طور پر اکاون حلقوں ميں رائے دہی ہونی ہے۔

مسئلہ کشمير پر برلن میں دستاویزی فلم کی نمائش

ع س / ا ا، نيوز ايجنسياں