1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
سیاستشمالی امریکہ

کورونا وائرس کے نئے روزانہ کیسز کی تعداد کا نیا عالمی ریکارڈ

14 ستمبر 2020

دنیا بھر میں کورونا وائرس کے نئے کیسز کی تعداد میں روزانہ بنیادوں پر کل اتوار کو ایک نیا ریکارڈ دیکھنے میں آیا۔ ایک دن میں عالمی سطح پر اس وائرس سے متاثرہ انسانوں کی تعداد میں تقریباﹰ تین لاکھ آٹھ ہزار کا اضافہ ہوا۔

https://p.dw.com/p/3iQht
تصویر: Imago Images/Hindustan Times

عالمی ادارہ صحت کے مطابق ہفتے سے لے کر اتوار تک کے 24 گھنٹوں میں مختلف ممالک میں کووڈ انیس کے مریضوں کی تعداد میں تین لاکھ سات ہزار نو سو تیس کا اضافہ ہوا۔ ان میں سے سب سے زیادہ نئے مریض بھارت میں رجسٹر کیے گئے، جس کے بعد دوسرے نمبر پر امریکا اور تیسرے نمبر پر برازیل رہا۔

دریں اثناء عالمی وقت کے مطابق کل اتوار 13 ستمبر کی رات تک دنیا بھر میں کورونا وائرس کی وجہ سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد نو لاکھ سترہ ہزار چار سو سترہ ہو چکی تھی۔ ان میں سے ساڑھے پانچ ہزار سے زائد انسان صرف کل ایک روز میں انتقال کر گئے۔

عالمی دارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بھارت میں کورونا وائرس کی تقریباﹰ ساڑھے چورانوے ہزار نئی انفیکشنز ریکارڈ کی گئیں۔ اس کے بعد امریکا کا نمبر تھا، جہاں ساڑھے پینتالیس ہزار نئے کیسز ریکارڈ کیے گئے جبکہ اس دوران برازیل میں بھی مزید تقریباﹰ چوالیس ہزار افراد اس وائرس سے متاثر ہوئے۔

ڈبلیو ایچ او کے مطابق کل 13 ستمبر کو بننے والے نئے عالمی ریکارڈ سے قبل کسی ایک دن میں بین الاقوامی سطح پر کورونا وائرس کی زیادہ سے زیادہ انفیکشنز کا ریکارڈ چھ ستمبر کو بنا تھا، اور تب یہ تعداد تقریباﹰ تین لاکھ سات ہزار رہی تھی۔

جہاں تک انسانی ہلاکتوں کا تعلق ہے، تو اب تک کسی ایک دن میں سب سے زیادہ ہلاکتیں 17 اپریل کو ریکارڈ کی گئی تھیں، جن کی تعداد تقریباﹰ ساڑھے بارہ ہزار بنتی تھی۔

نئے کیسز کی تعداد میں بھارت دنیا بھر میں سب سے آگے

بھارت، جو آبادی کے لحاظ سے دنیا کا دوسرا سب سے بڑا ملک ہے، کورونا وائرس کے نئے کیسز کی تعداد کے لحاظ سے اس وقت دنیا بھر میں سب سے آگے ہے۔ بھارت میں اب تک اس وائرس کے متاثرین کی مجموعی تعداد پونے پانچ ملین بنتی ہے۔ یوں اس وقت یہ جنوبی ایشیائی ملک عالمی سطح پر صرف امریکا سے پیچھے ہے، جہاں کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد ساڑھے چھ ملین سے تجاوز کر چکی ہے۔

بھارت میں کووڈ انیس کا مرض اس تیز رفتاری سے پھیل رہا ہے کہ وہاں کئی شہروں میں ہسپتالوں میں استعمال ہونے والی میڈیکل آکسیجن کی بھی بھی قلت پیدا ہو چکی ہے۔

اٹھاون ممالک میں وائرس کا پھیلاؤ ابھی تک بڑھتا ہوا

عالمی ادارہ صحت کے مطابق اس وقت دنیا کے 58 ممالک ایسے ہیں، جہاں کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے۔ کئی ممالک میں اس وقت اس وائرس کے وبائی پھیلاؤ کی دوسری لہر دیکھنے میں آ رہی ہے مگر کئی شدید متاثرہ ریاستیں ایسی بھی ہیں، جہاں ابھی تک اس وبا کی پہلی لہر بھی اپنی تکمیل کو نہیں پہنچی۔

جن تقریباﹰ پانچ درجن ممالک میں کووڈ انیس کی انفیکشن آج بھی تیزی سے پھیل رہی ہے، ان میں ارجنٹائن، انڈونیشیا، مراکش، اسپین، اور یوکرائن خاص طور پر نمایاں ہیں۔

م م / ک م (روئٹرز، اے ایف پی)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں