1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’ کولا ڈبل روٹی پر لگا کر نوش فرمائیے‘، انوگا فوڈ فیئر کے نئے انداز

عدنان اسحاق 6 اکتوبر 2013

جرمنی میں کھانے پینے کی اشیاء کی دنیا کی سب سے بڑی نمائش شروع ہو گئی ہے۔ انوگا فوڈ فیئر میں کولا کی ایک ایسی قسم بھی متعارف کرائی گئی ہے، جسے ڈبل روٹی پر لگا کر کھایا جا سکتا ہے۔

https://p.dw.com/p/19uIk
تصویر: picture-alliance/dpa

انوگا فیئر میں اس مرتبہ بھی صارف کی سہولت کے لیے تیار کردہ مصنوعات یعنی کنوینیئنس پروڈکٹس اور بائیو فوڈ پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔’’کنوینیئنس‘‘ کا مطلب ہے آسان اور سہل۔ یہ مصنوعات ان افراد کے لیے ہیں جن کے پاس وقت کم ہوتا ہے۔ یہ کھانے پکانے کا ایک جدید انداز ہے، جس میں مائیکرو ویو میں ہی اچھا اور معیاری کھانا تیار کیا جاسکتا ہے۔ اس سے قبل بھی انوگا میں کنوینیئنس پروڈکٹس کو مرکزی اہمیت حاصل رہی ہے۔ تقریباً سات ہزار نمائش کنندگان اپنی مصنوعات کے ساتھ انوگا میں موجود ہیں۔

Bildergalerie Anuga Lebensmittelmesse 2013 Fachmesse für die internationale Ernährungswirtschaft
تصویر: Koelnmesse

امسالہ فوڈ فیئر میں متعارف کرائے جانے والے نت نئے انداز کے کھانوں میں اٹلی سے لایا گیا اسٹک پیزا بھی شامل ہے اور شائقین اس میں بڑی دلچسپی لے رہے ہیں۔ پیزے کی یہ قسم آئسکریم کی طرح ایک لکڑی سے جڑی ہوئی ہے۔ ساتھ ہی آئر لینڈ کی ایک کمپنی نے بچوں کے لیے کیلشیم والے نوڈلز متعارف کرائے ہیں اور مائیکرو ویو میں گرم کر کے کھانے والے ہسپانوی ٹاپاس کو بھی انوگا کے جدید کھانوں میں شمار کیا جا رہا ہے۔

اس کے علاوہ سمندری نمک والے فرینچ فرائز، ڈسک سے مشابہت رکھنے والی انڈے یا گوشت کی سلاد اور شہد لہسن کے ساتھ پیش کیا جا رہا ہے۔ انوگا میں سبزی کے شوقین افراد کے لیے بھی انواع و اقسام کے کھانے پیش کیے جا رے ہیں۔ ساتھ ہی کھانے پینے کی علاقائی مصنوعات اور منصفانہ تجارتی اصولوں پر تیار کی جانے والی اشیاء کی بڑی تعداد بھی نمائش میں پیش کی جاری رہی ہے۔ بیکری کی مصنوعات تیار کرنے والی متعدد کمپنیاں بھی اس نمائش میں شریک ہیں۔ دنیا بھر سے سو سے زائد ممالک نت نئی اشیاء کے ساتھ موجود ہیں۔

جرمنی میں کرائے جانے والے ایک تازہ سروے کے مطابق کھانے پینے کی اشیاء خریدنے کے حوالے سے صارفین کے مزاج میں واضح تبدیلی آتی جا رہی ہے۔ اب صارفین کی ایک بڑی تعداد اشیائے خورد و نوش خریدنے سے قبل اس بات کا خاص خیال کرتی ہے کہ یہ شے کہاں اور کس طرح تیار کی گئی ہے۔ اب اکثر لوگ یہ تک پوچھتے ہیں کہ ان اشیاء کی تیاری میں کہیں جانوروں کے ساتھ کوئی برا سلوک تو نہیں کیا گیا اور اس دوران منصفانہ تجارتی اصولوں کو کس حد تک مد نظر رکھا گیا۔ اسی وجہ سے متعدد مصنوعات کی پیکنگ پر اس حوالے سے تفصیلات درج ہوتی ہیں۔

Symbolbild Lebensmittelmesse Anuga in Köln 2013
تصویر: Kölnmesse GmbH/Thomas Klerx

انوگا فوڈ فیئر میں صارفین کے تبدیل ہوتے ہوئے اس رجحان کا بھی خیال رکھا گیا ہے۔ ماہرین کا خیال ہے کہ آئندہ برسوں کے دوران فیئر ٹریڈ اصولوں پر تیار کی جانے والی مصنوعات کی مانگ میں اضافہ ہو گا۔ ہر دو سالوں میں منقعد کیے جانا والا یہ فوڈ فیئر نو اکتوبر تک جاری رہے گا۔