1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کُرم ایجسنی میں شدت پسندوں نے 60 افراد کو اغوا کرلیا

15 مئی 2010

پاکستان کے قبائلی علاقوں میں مشتبہ شدت پسندوں نے کم ازکم ساٹھ افراد کو اغوا کر لیا ہے۔ پاکستانی حکام کے مطابق پولیس کی وردیوں میں ملبوس ان شدت پسندوں نے اغوا کی یہ واردات کرم ایجنسی میں کی۔

https://p.dw.com/p/NOub
تصویر: AP

پولیس ذرائع کے مطابق جدید اسلحہ سے لیس عسکریت پسندوں نے ہفتہ کو ایک سرکاری گاڑی اپنے قبضے میں لے لی ،جس میں چار افراد سوار تھے۔ جنگجوؤں نے ان افراد کو اپنے قبضے میں لینے کے بعد اس گاڑی کو نذر آتش کر دیا گیا۔ بعد ازاں اسی علاقے میں مزید گاڑیوں کو روک کر مزید افراد کو اغوا کیا گیا۔ اطلاعات کے مطابق اغوا کئے گئے یہ افراد کرم ایجنسی کے مرکزی شہر پارہ چنارکی طرف سفر کر رہے تھے۔

ابتدائی طور پر حکام نے کہا تھا کہ اغوا کئے گئے افراد کی تعداد 30 ہے تاہم بعد ازاں تصدیق کی گئی کہ کم ازکم 57 افراد اغوا کئے جا چکے ہیں۔ ایک اعلیٰ پولیس افسر میر چمن نے خبر رساں اداروں کو بتایا ہے کہ شدت پسند پولیس اہلکاروں کے بھیس میں تھے۔ کرم ایجنسی کی مقامی انتظامیہ نے اس خبر کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان افراد کو بازیات کروانے کی کوشش جاری ہے۔

Flash-Galerie Pakistan
ان افراد کو بازیات کروانے کی کوشش جاری ہےتصویر: AP

گزشتہ سال ہی حکومت پاکستان نے افغانستان سے ملحقہ پاکستانی قبائلی علاقوں سمیت شمال مغربی سرحدی علاقوں میں انتہا پسندوں کے خلاف فوجی کارروائی شروع کی تھی، تاکہ ان علاقوں کو شدت پسندوں سے خالی کروایا جا سکے۔ انتہا پسندوں کے خلاف حکومتی کامیابیوں کے دعووں کے باوجود نہ صرف ان علاقوں میں بلکہ پاکستان کے دیگرعلاقوں میں بھی پر تشدد واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: ندیم گِل