1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کیوبن عوام کی رگوں میں دوڑتا رمبا رقص

28 اگست 2018

رمبا رقص بال روم ڈانسنگ کا ایک مشہور رقص ہے۔ اس رقص کو ’دلربائی کا مظہر‘ بھی قرار دیا جاتا ہے۔ کہا جاتا ہے کہ کیوبا کا تقریباً ہر شخص رمبا ڈانس سے آگہی و شناسی رکھتا ہے۔

https://p.dw.com/p/33sTB
Karneval in Barranquilla
تصویر: picture alliance / Demotix

جس طرح کیوبا کے سگار مشہور ہیں، اسی طرح رمبا ڈانس کو بھی کیوبا کی قومی شناخت خیال کیا جاتا ہے۔ ہر برس اگست میں کیوبن دارالحکومت ہوانا کی سبھی گلیوں میں رمبا رقص کرنے والے جوڑے دکھائی دیتے ہیں۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ اگست کے مہینے کو رمبا ڈانس کے ایک غیر اعلانیہ فیسٹیول کے طور پر منایا جاتا ہے۔

کیوبا کا یہ ڈانس اب امریکا اور یورپ کے خوبصورت بال روم ڈانس ہالوں میں چکا چوند روشنیوں میں کیا جاتا ہے۔ تاہم یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ رمبا رقص کرتے ہوئے جو شدت کیوبن شہریوں میں پائی جاتی ہے، وہ کہیں دکھائی نہیں دیتی۔ کیوبن سماجی ماہرین کے مطابق کیوبا کے ہر شہری کی رگوں میں رمبا ڈانس ایک طرح سے سرایت کر چکا ہے۔

Filmstill Darf ich bitten
کیوبا کا یہ ڈانس اب امریکا اور یورپ کے خوبصورت بال روم ڈانس ہالوں میں چکا چوند روشنیوں میں کیا جاتا ہےتصویر: picture-alliance/dpa/Buena Vista

کیوبا کے مشہور ادیب اور فنکاروں کے ایک گروپ کے سربراہ میگوئل بارنیٹ کا کہنا ہے کہ رمبا بنیادی طور پر زندگی کی مسرتوں کے اظہار کا ایک ذریعہ ہے کیوں کہ یہ دور غلامی میں گنے کی کاشت کے وقت میں کیا جاتا تھا۔ اِس فصل کے تیار ہونے پر ہر شخص خوشی میں تھرکتا تھا اور پھر وقت کے ساتھ ساتھ یہی تھرکنا ایک منظم صورت اختیار کر گیا اور رمبا کہلایا۔

میگوئل بارنیٹ کے مطابق دور غلامی میں یہ رقص مجبور انسانوں کی روحانی ضروریات کا متقاضی تھا۔ بارنیٹ مزید کہتے ہیں کہ  اُس دور کے گیت بھی نجات اور اندرونی و بیرونی چوٹوں اور تکالیف سے شفا حاصل کرنے سے جڑے تھے۔ بارنیٹ کا خیال ہے کہ کیوبا سے قبل کے لوگ بھی اس رقص سے ضرور آشنا تھے لیکن انہیں اس رقص کا نام نہیں معلوم تھا۔

کیوبن دانشور کے مطابق اب اس قدیمی رقص کی موومنٹس میں جو ترتیب پیدا ہوئی تو اِس کو رمبا ڈانس کا نام دے دیا گیا۔ پہلے یہ نجات کا ذریعہ تھا اب مسرت کے ساتھ ساتھ اپنے شریک کا دل لبھانا اور اُس کی قربت کا احساس کرنا بھی رمبا میں شامل ہو چکا ہے۔

Lateinamerika Immaterielles Kulturerbe - Kuba - Rumba
کیوبن روایت کے تحت رمبا رقص کرنے والا مرد کو سفید قمیض یا سفید پتلون میں ملبوس ہونا ضروری ہےتصویر: UNESCO/Medina Hernández, AHS

کیوبن روایت کے تحت رمبا رقص کرنے والا مرد کو سفید قمیض یا سفید پتلون میں ملبوس ہونا ضروری ہے جب کہ اُس کی پارٹنر خاتون شوخ رنگوں کے بھڑکیلے پہناوے میں ملبوس ہوتی ہے۔ اس رقص کے دوران موومنٹس اور اٹھتے قدموں کی تریتب موسیقی کے ساتھ یوں تال میل رکھتی ہے کہ دیکھنے والے بھی جھوم اٹھتے ہیں۔ خاتون عموماً آگے آگے تھرکتی اور کولہے مٹکاتی چلتی ہے جب کہ مرد اُس کے مٹکتے کولہوں پر ہاتھ رکھ کر اپنی موومنٹ کو خاتون کے تھرکتے قدوں کے ساتھ ہم آہنگ کرتا ہے۔ یہی رمبا ہے۔

ایرانی لڑکی کی حمایت میں سوشل میڈیا پر ڈانس ویڈیوز کا سیلاب