1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

گرل فرینڈ سے رشتہ کیسے توڑا جائے، جرمن پولیس کا مشورہ

صائمہ حیدر
29 مارچ 2018

جرمنی میں ایک شخص پولیس اسٹیشن پہنچا اور کہا کہ وہ اپنی گرل فرینڈ کو چھوڑنا چاہتا ہے لیکن نہیں جانتا کہ یہ کیسے ہو گا۔ ایک خاتون پولیس افسر اسے ایک طرف لے گئیں اور تعلق ختم کرنے کے کئی ایک ’موثر‘ طریقے بتائے۔

https://p.dw.com/p/2vAuh
München - Polizistin mit Bodycam
تصویر: picture-alliance/dpa/M. Bal

غالباﹰ اُس چونتیس سالہ جرمن شہری نے جرمن پولیس کا یہ سلوگن کہ،’’ پولیس آپ کی دوست اور مددگار ہے‘‘، دل سے تسلیم کیا تھا، تبھی وہ اپنے بہت ذاتی مسئلے کے حل کے لیے پولیس اسٹیشن پہنچ گیا۔

یہ واقعہ حال ہی میں دریائے رائن کے کنارے واقع آباد جرمن شہر ’لُڈوِگ ہافن‘ میں پیش آیا۔ اس ش‍خص کا مسئلہ بہت ذاتی نوعیت کا تھا۔ وہ اپنی گرل فرینڈ کے ساتھ مزید رشتہ نہیں رکھنا چاہتا تھا تاہم ترکِ تعلق کا طریقہ کار کیا ہونا چاہیے، یہ اسے سمجھ نہیں آ رہا تھا۔ اس الجھے ہوئے شخص کا کہنا تھا کہ اب وہ اپنی دوست کو سمجھنے سے قاصر ہے۔

ڈیوٹی پر موجود پولیس افسر خواتین میں سے ایک خاتون افسر اسے ایک طرف لے گئیں اور اس کے سامنے کئی متبادل حل رکھے۔ پولیس فورس نے یہ نہیں بتایا کہ سائل کے سامنے اس کے مسئلے کے حل کے لیے کیا تجاویز پیش کی گئیں تاہم ایک بات بالکل واضح کی گئی اور وہ یہ کہ رشتہ ختم کرنے کا کام اسے خود ہی انجام دینا ہو گا۔

پولیس کا کہنا تھا،’’ ہم مشورہ دینے کو تیار ہیں لیکن اس کام کو انجام نہیں دے سکتے۔ تمام شہریوں کی مدد کرنا اور اُن کے مسئلے کو سننا ہمارا کام ہے۔‘‘

ابھی یہ بھی واضح نہیں کہ اس شخص نے پولیس کے مشورے پر عمل کیا یا نہیں۔

جرمن شہر لُڈوِگ ہافن فرینکفرٹ سے اسّی کلومیٹر کی دوری پر جرمنی کے تاریخی دریائے رائن پر واقع ہے۔