1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ہالینڈ کے ٹی وی چینل کو نسل پرستانہ تبصرہ بہت مہنگا پڑا

20 جون 2020

ہالینڈ کے ایک ٹی وی چینل کو اس کے ایک مبصر کی طرف سے کیا گیا نسل پرستانہ تبصرہ بہت مہنگا پڑا ہے۔ ڈچ نیشنل فٹ بال ٹیم کے کھلاڑیوں کے علاوہ کئی کاروباری اداروں نے بھی اس ٹیلی وژن چینل کے بائیکاٹ کا اعلان کر دیا ہے۔

https://p.dw.com/p/3e56w
نسل پرستی مسترد کریں: ہالینڈ اور برازیل کی قومی ٹیموں کے ایک میچ سے پہلے لی گئی تصویرتصویر: Getty Images/D. Pensinger

ایمسٹرڈم سے ہفتہ بیس جون کو موصولہ رپورٹوں کے مطابق ہالینڈ کی قومی فٹ بال ٹیم کے متعدد کھلاڑیوں نے جمعہ انیس جون کی رات کہا کہ وہ 'ویرونیکا اِن سائیڈ‘ نامی ٹیلی وژن چینل کا بائیکاٹ کر رہے ہیں۔ اس کی وجہ اس چینل کے ایک کومنٹری کرنے والے میزبان کی طرف سے ایک پروگرام میں دیے جانے والے نسل پرستانہ ریمارکس بنے۔

ہالینڈ کی قومی فٹ بال ٹیم کے کھلاڑیوں نے کہا کہ وہ آئندہ اس ٹی وی چینل کو اس کے فٹ بال سے متعلق پروگراموں میں یا ان کے لیے کوئی انٹرویو نہیں دیں گے۔ قومی فٹ بال ٹیم کے کپتان ورجِل وان ڈائیک نے ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں کہا، ''اس ادارے نے سرخ لکیر پار کر لی ہے۔ اور وہ بھی پہلی مرتبہ نہیں۔ نہ دوسری مرتبہ۔ وہ کئی مرتبہ ایسا کر چکا ہے۔ بار بار۔ لیکن اب بہت ہو گیا، بس!‘‘

اس بارے میں قومی فٹ بال ٹیم کے کئی کھلاڑیوں نے ٹوئٹر پر اپنے پیغامات پوسٹ کیے۔ میرل وان ڈونگن نامی سٹار فٹ بالر نے اپنی ٹویٹ میں لکھا، ''فٹ بال میں نسل پرستی کے لیے کوئی جگہ ہے اور نہ ہی اس کے لیے کوئی گنجائش ہے۔‘‘ ان کھلاڑیوں نے اپنے ردعمل کا اظہار veronicaoffside کے ہیش ٹیگ کے ساتھ کیا، جو دیکھتے ہی دیکھتے ٹرینڈ بن گیا اور اس میں کئی ڈچ پیداواری اور کاروباری ادارے بھی شامل ہو گئے۔

Niederlande Amsterdam | Polizeigewalt | Proteste gegen Rassismus
ایمسٹرڈنم میں اسی مہینے کئی روز تک جاری رہنے والے نسل پرستی کے خلاف عوامی مظاہروں کی ایک تصویرتصویر: Reuters/E. Plevier

'ویرونیکا اِن سائیڈ‘ پر کی جانے والی شدید تنقید کی وجہ اس کے ایک سپورٹس مبصر کی طرف سے دیے جانے والے وہ ریمارکس بنے، جن میں اس نے امریکا میں جارج فلوئڈ نامی افریقی نژاد شہری کی ہلاکت کے پس منظر میں کئی دیگر ممالک کی طرح نیدرلینڈز میں بھی نسل پرستی کے خلاف ہونے والے عوامی مظاہروں سے متعلق ہتک آمیز جملے کہے تھے۔

لیکن اس مبصر کا یہ عمل اس ادارے کو اس لیے بہت مہنگا پڑا کہ اب ہالینڈ کے کئی پیداواری اور کاروباری اداروں نے بھی یہ اعلان کر دیا ہے کہ وہ اس ٹی وی چینل کو اس کے کھیلوں سے متعلق پروگراموں کے دوران وقفے میں چلائے جانے والے کوئی اشتہارات نہیں دیں گے۔

ماہرین کے مطابق ڈچ نیشنل فٹ بالرز کی طرف سے بائیکاٹ اور کئی اداروں کے اشتہارات سے ہونے والی آمدنی کی عدم دستیابی سے اس نشریاتی ادارے کی ساکھ بھی بری طرح متاثر ہو گی اور اسے کافی زیادہ مالی نقصان بھی ہو گا۔

م م / ا ا (ڈی پی اے)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں