1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ہتک آمیز خاکے: ڈنمارک کے اخبار کی جانب سے معذرت

27 فروری 2010

ڈنمارک میں پیغمبر اسلام کے ہتک آمیز خاکے شائع کرنےوالے اخباروں میں سے ایک نے مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے پر معذرت کی ہے۔ اخبار ’پولیٹیکن‘ نے یہ معذرت ایسے خاکوں کی دوبارہ اشاعت پر کی ہے۔

https://p.dw.com/p/MDgS
کرٹ ویسٹر گارڈتصویر: picture-alliance/ dpa

’پولیٹیکن‘ کے ایڈیٹر اِن چیف ٹوئیگر زائڈینفاڈین نے کہا، ’خاکہ دوبارہ شائع کرنے کے ہمارے فیصلے سے جس کسی کا بھی دل دکھا، ہم اس سے معذرت چاہتے ہیں۔‘

تاہم انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ ویسٹرگارڈ کے بنائے ہوئے کارٹونز سمیت دُنیا سے کسی بھی خاکے کو شائع کرنے کا حق رکھتے ہیں۔

اخبار کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس کی طرف سے جاری کی گئی معذرت مشرق وسطیٰ اور آسٹریلیا میں مسلمانوں کی نمائندگی کرنے والے ایک سعودی وکیل کے ساتھ تصفیے کا حصہ ہے۔

Dänemark Zeichner von Jyllands Posten Kurt Westergaard
پہلی مرتبہ خاکے شائع کرنے والے اخبار کا دفترتصویر: picture-alliance/ dpa/dpaweb

ایسے 12 خاکے پہلی مرتبہ 2006ء میں شائع کئے گئے تھے۔ اُس وقت مسلم ممالک میں اس کا شدید رد عمل سامنے آیا تھا اور پرتشدد مظاہرے ہوئے تھے۔

تاہم ’پولیٹیکن‘ اور دیگر اخبارات نے 2008ء میں ان میں سے ایک خاکہ اس وقت دوبارہ شائع کیا جبکہ انہیں بنانے والے کارٹونسٹ کُرٹ ویسٹرگارڈ کے قتل کا منصوبہ منظر عام پر آیا۔

ڈنمارک کے دیگر اخبارات نے ’پولیٹکین‘ کے اس اقدام کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ یہ خاکے پہلی مرتبہ Jyllands-Posten اخبار میں شائع ہوئے، جس کے ایڈیٹر نے جمعہ کو ایک بیان میں پولیٹیکن کی جانب سے جاری کی گئی معذرت کو ’احمقانہ‘ قرار دیا۔

رپورٹ: ندیم گِل

ادارت: افسر اعوان