1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ہنگامہ آرائی کے متاثرین کے لیے لندن حکومت کا امدادی منصوبہ

12 اگست 2011

برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون نے لندن اور دیگر شہروں میں حالیہ ہنگامہ آرائی کے متاثرین کی مدد کے لیے اقدامات کا اعلان کیا ہے۔

https://p.dw.com/p/12FMr
ڈیوڈ کیمرون نقصانات کا جائزہ لیتے ہوئےتصویر: picture alliance/dpa

برطانوی انشورنش کمپنیوں کی ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ مختلف شہروں میں ہنگامہ آرائی اور لوٹ مار کی کارروائیوں میں دو سو ملین پاؤنڈ سے زائد کا نقصان ہوا ہے۔ قبل ازیں نقصانات کا حجم اس سے نصف بتایا گیا تھا۔

لندن حکومت نے امدادی اقدامات کے لیے مختص رقم کا اعلان تو نہیں کیا، لیکن خبر رساں ادارے روئٹرز نے اخبارات میں شائع رپورٹوں کے حوالے سے بتایا ہے کہ برطانیہ میں ٹیکس دہندگان پر ایک سو ملین پاؤنڈ کا بوجھ پڑ سکتا ہے۔

برطانوی شہروں میں ہنگامہ آرائی اور لوٹ مار کے سلسلے کا آغاز ویک اینڈ پر لندن سے ہوا تھا۔ پولیس کی فائرنگ سے ایک شخص کی ہلاکت کے خلاف احتجاج کے بعد ہفتہ کی شام ٹوٹن ہیم کے علاقے میں ہنگامہ آرائی اور لوٹ مار کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ اس دوران شرپسند عناصر نے پولیس کی گاڑیوں، ایک بس اور بعض عمارتوں کو نذر آتش بھی کیا۔

ڈیوڈ کیمرون نے جمعرات کو پارلیمنٹ سے خطاب میں 1886ء کے اس قانون کا حوالہ دیا، جس کے تحت انشورنس کمپنیاں فسادات کے نتیجے میں ہونے والے نقصان کی مد میں ہونے والے کچھ اخراجات پولیس پر ڈال سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ ہنگاموں کے حوالے سے یہ قانون نافذ ہو گا اور حکومت اس مقصد کے لیے فنڈز میں کمی کو پورا کرنے کے لیے تیار ہے۔

انہوں نے کہا: ’’حکومت اس بات کو یقینی بنائے گی کہ پولیس کے پاس فنڈز ہوں، جو جائز دعووں پر خرچ کیے جا سکیں۔‘‘

برطانوی وزیر اعظم نے کہا کہ دعوے داخل کرنے کی حتمی تاریخ چودہ دِن سے بڑھا کر بیالیس دن کر دی گئی ہے۔

Dossierbild 3 Großbritannien Ausschreitungen
تصویر: dapd

فسادات کے ایکٹ کے تحت انشورنس رکھنے والے تاجر یا کاروباری ادارے اور شہریوں کے ساتھ ساتھ ہنگاموں کے نتیجے میں دعووں کا سامنا کرنے والی انشورنس کمپنیاں پولیس سے جزوی معاوضہ حاصل کر سکتی ہیں۔

اس قانون کے تحت حکومتی فنڈ سے صرف جائیداد کو پہنچنے والے نقصان کے لیے رقم دی جا سکتی ہے جبکہ کاروباری نقصان بھرنے کی ذمہ داری انشورنس کمپنی کی ہے۔

شہریوں کے کاروبار کی بحالی کے لیے لندن حکومت بیس ملین پاؤنڈ کی سپورٹ اسکیم شروع کر رہی ہے۔ حکومت بعض معاملات میں ٹیکسوں کی ادائیگی بھی مؤخر کرے گی۔

رپورٹ: ندیم گِل / خبر رساں ادارے

ادارت: عدنان اسحاق