1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یورپ کو درپیش چیلنج، نظریں انگیلا میرکل پر

29 جون 2020

یورپی یونین کی صدارت سنبھالنے سے دو روز پہلے جرمنی کی چانسلر انگیلا مرکل برلن میں فرانسیسی صدر ایمانوئل ماکروں کے ساتھ اہم ملاقات کر رہی ہیں۔

https://p.dw.com/p/3eVU4
تصویر: picture-alliance/abaca/C. Liewig

یہ ملاقات ایک ایسے وقت ہو رہی ہے جب یورپ کو ستر دہائیوں کی بدترین معاشی مشکلات کا سامنا ہے, برطانیہ کے ساتھ مستقبل کے تعلقات پر سوالیہ نشان ہے، ماحولیاتی تحفظ کے لیے اہم فیصلے کیے جانا ہیں جبکہ لیبیا اور شام میں جاری شورش سے بھی نمٹنا ہے۔

تاہم اس وقت سب سے بڑا چیلنج کورونا کا بحران ہے جس نے یورپی ممالک کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔

انگیلا میرکل کے مطابق موجودہ بحران یورپ کی تاریخ کا سب سے منفرد بحران ہے۔ میرکل دو ہزار پانچ سے جرمنی کی چانسلر ہیں۔ ان کا دور اقتدار اپنے آخری مرحلے میں ہے۔ ایسے میں یورپی یونین کے چھبیس ممالک کی قیادت جرمنی کو ملنا خطے میں ان کی قائدانہ صلاحیتوں کا بڑا امتحان ہوگا۔

جرمنی یورپ کی سب سے بڑی معیشت ہے۔ انگیلا میرکل عالمی تعاون اور یورپی اتحاد کی بڑی حامی ہیں۔ ماضی میں جرمنی اور فرانس مل کر یورپی یونین کو مضبوط اور مستحکم کرتے آئے ہیں۔

یورپی کمیشن کی سربراہ اُرزولا فان ڈیر لائن نے ہفتے کو ایک انٹرویو میں کہا، ''اس بحران کے دوران جرمنی کی طرف سے یورپ کی قیادت سنبھالنا خطے کی خوش قسمتی ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حالات میں میرکل کا تجربہ اور ان کی صلاحیت بہت مددگار ثابت ہوگی۔

Deutschland | PK Merkel nach EU-Videogipfel
تصویر: picture-alliance/dpa/K. Nietfeld

یورپ میں جرمنی اور میرکل سے توقعات اتنی زیادہ ہیں کہ یورپی یونین کے لیے جرمنی کے سفیر مائیکل کلوس کا کہنا ہے کہ انہیں اب اس پر  کچھ تشویش بھی ہو رہی ہے کہ وہ اس پر پورا اتر بھی پائیں گے یا نہیں۔ تاہم انہوں نے کہا، ''ہمیں شفافیت کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا ورنہ ہم یورپی کونسل کی مدد نہیں کر پائیں گے۔‘‘

جرمنی ماضی میں بجٹ ڈسپلن کا بڑا حمایتی رہا ہے۔ لیکن موجودہ حالات میں جرمن چانسلر نے اپنی ترجیحات بدلی ہیں اور ان کا خیال ہے کہ اس معاشی بحران سے نکلنے کے لیے حکومت کو اپنے اخراجات بڑھانا پڑے تو وہ اس کے لیے تیار ہیں۔ اس کی بڑی مثال ان کی حکومت کی طرف سے معیشت کی بحالی کے لیے ایک کھرب یورو کے پیکج کا اعلان ہے۔

میرکل کا مزید کہنا ہے کہ اس وقت یورپ جن حالات سے گزر رہا ہے اس میں ضروری ہے کہ جرمنی صرف اپنے بارے میں نہیں بلکہ اٹلی اور اسپین جیسے ملکوں کے بارے میں بھی سوچے جہاں معاشی نقصانات کافی زیادہ ہوئے ہیں۔ فرانسیسی صدر کے ساتھ ملاقات میں دونوں رہنما اس بات پر بھی غور کریں گے یورپ میں معیشت کی بحالی کے لیے مزید کیا اقدامات کیے جا سکتے ہیں۔

 

ش ج، ا ب ا (اے ایف پی، ڈی پی اے)